عمان : اردن کے شاہ عبداللہ نے کہا کہ ان کا ملک فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی کے خلاف ہے اور اس مسئلے پر اس کا موقف کبھی تبدیل نہیں ہوگا۔اردن کی شاہی عدالت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شاہ عبداللہ نے دارالحکومت عمان میں ہاشمی شاہی عدالت میں “ریٹائرڈ فوجیوں اور جنگجوؤں سے یوم وفاداری کے موقع پر منعقدہ پروگرام میں سابق فوجیوں سے ملاقات کی۔شاہ عبداللہ نے یہاں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے مسئلے پر ان کے ملک کا موقف واضح ہے ،انہوں نے کہا کہ ہم 25 سال بعد اپنا رویہ کیوں تبدیل کریں، میں 25 سال بعد کہتا ہوں کہ جبری نقل مکانی و آباد کاری اورمتبادل وطن نا منظور ہے۔شاہ عبداللہ نے کہا کہ وہ اس معاملے پر اردن کے پختہ موقف پر شکوک و شبہات پیدا کرنے کی بعض حلقوں کی کوششوں کی مذمت کرتے ہیں۔اردن کے شاہ نے اس بات پر زور دیا کہ ان کے ملک کے استحکام اور سلامتی کو برقرار رکھنا سب سے اہم ہے اور فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی کے بغیر غزہ کی تعمیر نو کی جانی چاہئے۔ اس کے علاوہ شاہ عبداللہ نے مغربی کنارے میں کشیدگی کم کرنے کی اہمیت کی نشاندہی کی اور کہا کہ خطے میں دیرپا امن کے حصول کے لیے دو ریاستی حل ناگزیر ہے۔