عمان : اردن میں شہریوں نے سوشل میڈیا کے ذریعہ غزہ پٹی میں جاری جنگ کے دوران اسرائیلی فوجیوں کی حمایت کرنے والے تمام ریسٹورنٹس کی بائیکاٹ کی مہم شروع کردی۔ اس مہم میں غزہ میں اسرائیلی فوجیوں کی حمایت کرنے والے تمام ریسٹورنٹس سے خریداری روک دینے کا کہا گیا ہے۔ اس شاندار اقدام کو بڑے پیمانے پر پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔یہ مہم اس وقت شروع ہوئی جب ایک مشہور بین الاقوامی ریسٹورنٹ کی ایک شاخ نے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوجیوں کو کھانا تقسیم کرنے کی تصویریں شائع کیں اور اپنے اس اقدام کو اسرائیلی فوجیوں کی مدد میں پہل کرنے کا عنوان دیا۔سوشل میڈیا پر کچھ دنوں سے بہت سے پوسٹوں میں ایسے ریسٹورنٹس کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ان پوسٹوں میں بیک وقت سیاسی اور صحت سے متعلق تبصرہ بھی شامل کئے گئے ہیں۔کچھ صارفین نے بھرپور طنز کرنے ہوئے کہا فاسٹ فوڈ غیر صحت بخش اور نقصان دہ ہے۔ اگر آپ سیاسی وجوہات کی بنا پر اس کا بائیکاٹ نہیں کرتے تو صحت کی وجوہات کی بنا پر ہی اس سے پرہیز کرلیں۔اردنی وکیل ڈاکٹر مھند ابو طربوش نے اسرائیلی فوجیوں کی حمایت کرنے والے تمام ریستورانوں اور کیفوں کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا۔