تلنگانہ اردو فورم کے وفد کی جناب عامر علی خاں سے ملاقات و تہنیت کی پیشکشی
حیدرآباد ۔ یکم ۔ نومبر : ( سیاست نیوز): تلنگانہ اردو فورم اردو کی ترقی و تحفظ کے لیے بہت جلد مدینہ بلڈنگ پر واقع اردو مینار کو گلاب کے عرق سے نہلاتے ہوئے نونہالوں کو اردو پڑھانے کا حلف دلائے گا۔ صدر تلنگانہ اردو فورم محمد اسمعیل الرب انصاری المعروف اردو انصاری کی قیادت میں ایک وفد دفتر سیاست پہونچ کر نیوز ایڈیٹر جناب عامر علی خاں سے ملاقات کی اور انکی گلپوشی کرنے کے بعد اردو زبان کے تحفظ و ترقی کے لیے شروع کی گئی کاروان اردو کی مہم سے واقف کرایا ۔ ریاست میں سرکاری اردو مدارس کی تعداد گھٹنے پر تشویش کا اظہار کیا اور حکومت کی جانب سے اردو اوپن اسکولس کو بند کردینے پر افسوس کا اظہار کیا ۔ ساتھ ہی تلنگانہ میں اردو کو دوسری سرکاری زبان کا موقف عطا کرنے پر اس فیصلے کو صرف کاغذی حد تک محدود رکھنے کے بجائے تمام سرکاری محکمہ جات میں اسکی عمل آوری کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا ۔ ساتھ ہی تمام سرکاری خانگی اور مشنریز انگریزی میڈیم کے اسکولس میں اردو کو دوسری سرکاری زبان کے طور پر پڑھانے کا مطالبہ کیا ۔ محمد اسمعیل الرب انصاری نے بتایا کہ اردو ہماری تہذیب ہے اردو زندہ رہی تو ہماری تہذیب برقرار رہے گی ۔ انہوں نے اقلیتوں کے غلبہ والے علاقوں میں مختلف رضا کارانہ تنظیموں اور شخصیتوں سے اپیل کی کہ وہ 10 تا 20 طلبہ کو اکٹھا کرتے ہوئے انہیں رضاکارانہ طور پر اردو کی تعلیم دینے کی ذمہ داری قبول کریں ۔ اس وفد میں عرشیہ ناہید ، ساجدہ بیگم ، سید محسن احمد ، مجتبیٰ عابدی ، محمد ساجد بن عبدالعزیز ، محمد عزیز ، محمد مسعود علی ، ثنا اللہ خاں ، محمد افضل ، شکیل عابدی ، محمد عبدالمبین ، محمد صفدر خاں کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔۔