اردو اکیڈیمی جدہ کی علمی و ادبی کاوشوں کی ستائش اور بھرپور تعاون کا تیقن

   

چیرمین تلنگانہ اردو اکیڈیمی خواجہ مجیب الدین اور چیرمین میناریٹی فینانس کارپوریشن امتیاز اسحق کا اظہار خیال

محبوب نگر ۔ 5 جولائی (ذریعہ میل) اردو اکیڈیمی جدہ کے وفد جس میں جدہ سے آئے ہوئے جناب سید محمد خالد حسین مدنی نائب صدر اردو اکیڈیمی، جناب سید نعیم الدین معتمد (متوطن محبوب نگر) ، منور خان معزز رکن ، مرزا قدرت نواز بیگ معزز رکن‘ اور حیدرآباد میں موجود جناب سلیم فاروقی سرپرست اردو اکیڈیمی، محترم شیخ ابراہیم صدر اکیڈیمی حیدرآباد ، جناب احمد محی الدین نائب صدر اور جناب رِفعت صدیقی خازن نے جناب محمد خواجہ مجیب الدین چیرمین تلنگانہ اردو اکیڈیمی اور جناب امتیاز اسحاق چیرمین تلنگانہ مائناریٹی فینانس کارپوریشن سے ان کے دفتر حج ہاوز حیدرآباد میں ملاقات کی۔ وفدنے اردو اکیڈیمی جدہ کی ’آزاد ساونیر‘ کے تین سال کے نسخے، جدہ اور حیدرآباد میں اپنی 24 سالہ کارکردگیوں کی ایک تفصیلی رپورٹ بھی پیش کی جس میں جدہ انٹرنیشنل انڈین اسکول اردو تقریری مقابلے، بیت بازی، تمثیلی مشاعرے، جدہ قونصل خانہ میں یوم قومی تعلیم پروگرام کا انعقاد، سالانہ ’آزاد ساونیر‘ کی اجرائی اور حیدرآباد میں اردو اسکول کے طلباء کا گولڈ میڈل پروگرام اور تعلیمی اشیاء کی تقسیم، اردو امتحانات کے تین تا پانچ مراکز کی ذمہ داری اور جلسہ تقسیم اسناد کے علاوہ سرکاری اردو سکول کی جغرافیاتی تفصیلات مع اعدا و دشمار شامل ہیں۔ جناب محمد خواجہ مجیب الدین چیرمین تلنگانہ اردو اکیڈمی نے بھی حکومت تلنگانہ کی جانب سے اردو زبان کی بقاء کے لئے کیے جانے والے اسکیمس کے بارے میں واقف کروایا اور جناب امتیاز اسحاق چیرمین تلنگانہ میناریٹی فینانس کارپوریشن نے حکومت تلنگانہ کے کئی اسکیمس جو اقلیتی بیروزگار نوجوانوں کے لئے ہیں واقف کروایا اور آخر میں دونوں چیرمین نے اردو اکیڈیمی جدہ کی کارکردگیوں کی، جو خالص اردو کی بقاء کے لئے ہوتی ہیں، بے حد ستائش کی اور بھرپور تعاون کرنے کا تیقن دیا۔ آخر میں سکریٹری اردو اکیڈیمی جدہ سید نعیم الدین نے دونوں چیرمین کا شکریہ ادا کیا۔