اردو اکیڈیمی سے مصنفین و شعراء کی مطبوعات پر انعامات کا اعلان

   

حیدرآباد۔/20 ستمبر، ( سیاست نیوز) صدر تلنگانہ اردو اکیڈیمی جناب محمد خواجہ مجیب الدین کے بموجب تلنگانہ اردو اکیڈیمی کی جانب سے ریاست کے اردو شعراء، ادیبوں اور مصنفین کی سال 2022 کے دوران شائع شدہ مطبوعات پر انعامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انعامات کیلئے مطبوعات کو شاعری، فکشن، طنز و مزاح، بچوں کا ادب، تحقیق و تنقید اور متفرق زمروں میں تقسیم کیا جائے گا۔ مطبوعات پر انعامات کیلئے درخواست گذار اپنی پانچ مطبوعہ کتابیں‘ درخواست اور تمام تفصیلات کے ساتھ 5 اکٹوبر تک دفتر ریاستی اردو اکیڈیمی، چوتھی منزل حج ہاوز، نامپلی میں شخصی طور پر یا ذریعہ پوسٹ داخل کریں۔ صدر اردو اکیڈیمی نے بتایا کہ مطبوعہ کتابیں ڈیمائی سائز کی کم از کم 96 صفحات پر اور کراؤن سائز کی کم از کم 112 صفحات پر مشتمل ہونی چاہیئے۔ مولفہ و مرتبہ کتابوں میں ڈیمائی سائز کی مطبوعہ کتاب میں 15 صفحات کا مقدمہ اور کراؤن سائز کتاب میں 20 صفحات کا مقدمہ شریک نہ ہو تو کتاب کو انعام کیلئے غور نہیں کیا جائے۔ کتابوں کو انعام کیلئے منتخب یا مسترد کرنے کا اختیار اردو اکیڈیمی کو حاصل رہے گا۔ اکیڈیمی سے انعام یافتہ کتاب پر دوبارہ انعام نہیں دیا جائے گا۔