ٹی ایس میسا کی اردو اکیڈیمی چیرمین سے نمائندگی
سنگاریڈی یکم جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جناب محمد فاروق صدر اور جناب محمد ریاض احمد خان ورکنگ پرسیڈنٹ تلنگانہ اسٹیٹ مائناریٹیز ایمپلائز سرویس اسو سی ایشن نے کہا کہ تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈمی کی جانب سے ریاست تلنگانہ کے 333 اردو میڈیم اسکولس میں انفرااسٹرکچر کی فراہمی کے لیے فی اسکول 50 ہزار روپیہ کے حساب سے جملہ ایک کروڑ 66 لاکھ جاری کیا گیا جو متعلقہ اردو اسکولس کے ہیڈ ماسٹرس اکاونٹ کی بجاے محکمہ تعلیم کے ایس ایس اے اکاونٹ میں جمع ہوگیا۔ ایس ایس اے اکاونٹ میں رقم جمع ہونے کی وجہ سے ہیڈ ماسٹرس اس رقم کو نکال نہیں سکتے اور نہ ہی استعمال کرسکتے ہے۔ اس غلطی کی وجہ سے گرانٹ کے استعمال میں رکاوٹ پیدا ہوگئی۔ انھوں نے واضح کیا کہ گذشتہ کچھ عرصہ سے یہ اسکیم بند تھی لیکن اب دوبارہ اس کا آغاز ہوا جو قابل تحسین ہے۔ اردو اکیڈمی نے 333 اردو میڈیم اسکولس کو فی کس 50 ہزار روپیہ جاری کئے ہے جس سے اسکولس میں بینچ’ بورڈ’ پینے کے پانی’ بیت الخلاء اور دیگر سہولیات کی بہتری کے لیے خرچ کیا جاتا ہے۔ ان قائدین نے اس مسلہ پر جناب خواجہ مجیب الدین چیرمین تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈمی سے ملاقات کرتے ہوے یادداشت پیش کی اور تفصیلات سے واقف کروایا جس پر چیرمین اردو اکیڈمی نے ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن کو اس مسلہ پر توجہ دلانے اور اردو اکیڈمی کی رقم کو ایس ایس اے کھاتہ سے نکال کر متعلقہ اردو اسکولس ہیڈماسٹرس اکاونٹ میں جمع کروانے فوری اقدامات کرنے کا تیقن دیا۔