حیدرآباد 31 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی کمیشن نے تلنگانہ اردو اکیڈیمی کی بعض بے قاعدگیوں پر رپورٹ طلب کی ہے۔ صدرنشین اقلیتی کمیشن طارق انصاری نے کمیشن کو موصولہ تین علحدہ شکایت کے سلسلہ میں ڈائرکٹر سکریٹری اردو اکیڈیمی اور سکریٹری اقلیتی بہبود سے رپورٹ طلب کی ہے ۔ کمیشن سے شکایت کی گئی کہ اردو اکیڈیمی کے اکاؤنٹس آفیسر و سپرنٹنڈنٹ نے سرکاری فنڈس کا بے جا استعمال کیا اور تین کروڑ روپئے بینک اکاؤنٹ سے منتقل کئے۔ اکیڈیمی میں اسکراپ کی فروخت سے 10 لاکھ روپئے حاصل ہوئے لیکن یہ رقم بینک میں ڈپازٹ نہیں کی گئی ۔ اکیڈیمی میں آفس سب آرڈینیٹ کے تقرر میں قواعد کی خلاف ورزی کی گئی ۔ کمیشن سے شکایت کی گئی کہ ملازمین کی ای پی ایف رقم میں دھاندلیاں کی گئیں ہیں۔ اقلیتی کمیشن سے شکایت کی گئی ہے کہ سابق سکریٹری ڈائرکٹر کو فائدہ پہنچانے کیلئے بھاری رقم منتقل کی گئی۔ کمیشن نے علحدہ شکایات پر 5 ستمبر اور 12 ستمبر تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔