اردو جرنلسٹ فورم کھمم کی ریاستی وزیر پی سرینواس ریڈی کو یادداشت

   

کھمم /22 جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) اردو جرنلسٹ فورم کھمم کی جانب سے ریاستی وزیر مال و اطلاعات و تعلقات عامہ پی سرینواس ریڈی سے کھمم میں واقع ان کی قیام گاہ سی سی سرکل میں کھمم شہر کے سینئیر صحافی حافظ محمد جواد احمد کی قیادت میں اردو صحافیوں نے ملاقات کرتے ہوئے یادداشت پیش کی ۔ریاستی وزیر پی سرینواس ریڈی سے اردو صحافیوں نے اردو زبان اور اردو صحافیوں کے ساتھ ہورہی ناانصافی کی طرف توجہ مبذول کرواتے ہوئے کہا کہ کھمم ضلع ایکریڈیشن کمیٹی میں اردو صحافیوں کی نمائندگی ندارد ہے ۔حکومت کے جی او کے مطابق ضلع ایکریڈیشن کمیٹی میں اردو صحافیوں کی شمولیت لازم ہے اس کے باوجود آج تک کھمم ضلع ایکریڈیشن کمیٹی میں اردو صحافیوں کو شامل نہیں کیا گیا ۔ایکریڈیشن کارڈز کی تقسیم میں بھی اردو صحافیوں کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے اردو کے بڑے بڑے اخبارات کو بھی صرف ایک ایک ایکریڈیشن کارڈ ہی جاری کیا جارہاہے اردو جرنلسٹ فورم کے صحافیوں نے ریاستی وزیر سے مطالبہ کیا کے ضلع کے ہر اسمبلی حلقے کے لیے ایکریڈیشن کارڈ جاری کیاجائے حافظ محمد جواد احمد نے ریاستی وزیر پی سرینواس ریڈی سے دوٹوک انداز میں کہا کہ اردو اخبارات میں حکومت کی تمام خبروں کو عمدہ انداز میں شائع کیا جارہا ہے ۔ اس کے باوجود کھمم ضلع انتظامیہ اردو صحافیوں کے ساتھ تعصب کا رویہ اختیار کررہی ہے ۔اردو جرنلسٹ فورم کے ان تمام مطالبات کو ریاستی وزیر مال و اطلاعات و تعلقات عامہ پی سرینواس ریڈی نے بغور سماعت کرتے ہوئے حافظ محمد جواد احمد کو تیقن دیا کہ اندورن پندرہ دن کھمم کلکٹر انودیپ دوریسیٹی اور کھمم ڈی پی آر او محمد عبد الغوث سے مشاورت کرکے پورے اثر کے ساتھ ان مطالبات کو عملی جامہ پہنانے کا اردو صحافیوں کو ریاستی وزیر مال و اطلاعات و تعلقات عامہ پی سرینواس ریڈی نے تیقن دیا۔