کرناٹک اردو اکیڈیمی کے زیر اہتمام بیدر میں کل ہند مشاعرہ ، ڈاکٹر عبدالقدیر ، محمد رحیم خان ریاستی وزیر ، مفتی محمد علی قاضی اور دیگر کا خطاب
بیدر13 / فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) محکمہ اقلیتی بہبود حکومتِ کرناٹک کے زیرِ اہتمام شہر اْردو بیدرکے شاہین اولڈ کیمپس میں کل ہند مشاعرہ کا انعقاد عمل میں آیا۔مشاعرہ سے قبل پہلے سیشن کے پروگرام کا آغاز قراتِ کلام پاک سے کیا گیا اور حمد باری تعالی حافظ علیم الدین واحد نے پیش کی ۔ پروگرام کا افتتاح ریاستی وزیر برائے اقلیتی بہبود و حج اْمور جناب محمد رحیم خان کے ہاتھوں عمل میں آیا۔پروگرام کی صدارت کرناٹک اْردو اکادمی کے چیئرمین مفتی محمد علی قاضی مصباحی نے کی۔ جبکہ مہمانانِ خصوصی کی حیثیت ڈاکٹر عبدالقدیر چیئرمین شاہین ادارہ جات بیدر اورجناب محمد غوث چیرمین بیدر سٹی میونسپل کونسل کے علاوہ مہمانِ اعزازی مہمان کی حیثیت جناب محمد فیروز خان چیئرمین بیدر ضلع وقف مشاورتی کمیٹی نے شرکت کی۔ اس موقع پر جناب محمد رحیم خان ریاستی وزیر برائے بلدیاتی نظم و نسق و حج اْمور نے کہا کہ آج نوجوانوں کو تعلیمی اعتبار سے خوب ترقی کرنے کی ضرورت ہے۔ ہم جب تک سخت محنت نہیں کریں گے کامیابی ہمارے قدم نہیں چومے گی۔ سخت محنت اور با مقصد ارادے ہی انسان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرتے ہیں۔ اردو نہایت ہی شیریں زبان ہے۔ ہم سب کو اس زبان کی ترقی کیلئے فکر مند ہونا چاہئے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر چیئرمین شاہین ادارہ جات بیدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اْردوزبان ایک امانت ہے جو نسل در نسل منتقل ہوتی رہی ہے موجودہ وقت کا تقاضہ ہے کہ ہم اْردو کی بقاء اور فروغ کیلئے سرگرمیاں انجام دیں تاکہ سماج کے سامنے اْردو زبان کی اہمیت کے تمام پہلو اجاگر ہوجائیں۔ چیرمین کرناٹک اْردو اکادمی مفتی محمد علی قاضی مصباحی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ اْردو بین الاقومی سطح کی زبان ہے ۔ بیدر شہر میں اْردوزبان و ثقافت اور تہذیب کو دیکھ کر انہوں نے کہا کہ ہمارے اسلاف کی یادیں تازہ ہوتی ہیں ۔ ہمارا اس مرتبہ حکومت سے مطالبہ ہے کہ 25 کروڑ اْردو اکادمی کا بجٹ ہو۔ دو تین مرتبہ بجٹ سے متعلق اجلاس ہوئے ۔ جناب محمد امین نواز رکن کرناٹک اکادمی و کنوینر مشاعرہ نے ریاستی وزیر برائے بلدیاتی نظم و نسق و حج اْمور محمد رحیم خان ،کرناٹک اْردو اکادمی کے چیئرمین مولانا مفتی محمد علی قاضی مصباحی، ڈاکٹر عبدالقدیر چیئرمین شاہین ادارہ جات بیدر، محمد غوث چیئرمین بیدر سٹی میونسپل کونسل، محمد فیروز خان چیئرمین بیدر ضلع مشاورتی کمیٹی کا استقبال کیا اور انھیں شالپوشی کرتے ہوئے گلدستہ کے ساتھ مومنٹو پیش کیا ۔ اس موقع پر جناب عبدالحسیب منیجنگ ڈائرکٹر شاہین ادارہ جات بیدر کو محب اْردو اور تعلیمی خدمات پر تہنیت پیش کی گئی۔پہلے سیشن کی نظامت ڈاکٹر داؤد محسن رکن کرناٹک اکادمی نے بحسن خوبی کی۔ اور ہدیہ تشکر محمد شریف احمد شریف رکن کرناٹک اْردو اکادمی نے پیش کیا۔ اس کے بعد باضابطہ کل ہند مشاعرہ کا آغاز ہوا مشاعرہ کی نظامت بین الاقوامی شہرت یافتہ ناظم مشاعرہ جناب شفیق عابدی نے کی۔ سب سے پہلے حمد باری تعالی اور نعتِ رسول ﷺ کا نذرانہ حافظ علیم الدین واحد نے پیش کیا۔ مشاعرہ میں ملک کے ممتاز و معروف شعراء کرام جن میں ڈاکٹر نواز دیو بندی، جناب شفیق عابدی (بنگلور) ، سردار سلیم (حیدرآباد) ، ڈاکٹر داؤد محسن (داونگیرے) ، ڈاکٹر سید افتخار شکیل (رائچور) ، جناب محمد امیر الدین امیر (بیدر)، جناب شریف احمد شریف بلگام ، جناب رفیق سرور (مالیگاؤں)، جناب عالم نیازی (ممبئی) ، جناب ثاقب جنیدی(کْڑچی)،جناب رحمت اْللہ رحمت (شیموگہ) جناب سید وحید پاشاہ قادری (حیدرآباد)، جناب شکیل ظہیرآبادی (ظہیرآباد)، محترمہ اسماء عالم(گلبرگہ)، حافظ علیم الدین واحد(حیدرآباد)، جناب مسرور نظامی بسواکلیان اور جناب مقصود علی مقصود (بیدر) نے اپنا کلام پیش کیا اور سامعین نے زبردست داد تحسین سے نوازا۔ تمام شعراء نے سامعین کے دلوں کو جیت لیا۔ سامعین رات 4 بجے تک مشاعرہ میں شریک رہے۔ تمام شعراء کی گلپوشی و شالپوشی کرتے ہوئے مومنٹو پیش کیا گیا ۔کنوینر مشاعرہ جناب محمد امین نواز نے کرناٹک اْردو اکادمی کے چیئرمین، ارکین، رجسٹرار اور عملہ کے ساتھ ساتھ تمام شرکائے مشاعرہ اور خصوصی طورپر عبدالحنّان سیٹھ بیدر کا شکریہ ادا کیا۔