اردو زبان و ادب کا مستقبل روشن ہے : ڈاکٹر شمس اقبال

   

سری نگر، 5 اگست (یو این آئی) کتابیں صرف علم کا ذریعہ نہیں بلکہ تہذیب و تمدن کے تسلسل کا آئینہ ہوتی ہیں اور خوشی کی بات یہ ہے کہ سری نگر میں جاری چنار بک فیسٹول میں نوجوانوں، بچوں اور طلبا کی غیر معمولی دلچسپی نے ثابت کر دیا ہے کہ اردو زبان و ادب نہ صرف زندہ ہے بلکہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔ یہ باتیں قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شمس اقبال کی ہیں۔ انہوں نے یو این آئی کے ساتھ خصوصی گفتگو کے دوران کہا کہ چنار بک فیسٹول میں عوامی جوش و خروش قابلِ دید ہے اور اردو کتابوں کی فروخت نے گزشتہ تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تین دنوں میں قومی اردو کونسل کے اسٹالز سے سوا لاکھ سے زائد کتابیں فروخت ہوئی ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ مطالعہ کا ذوق آج بھی زندہ ہے ۔ ڈاکٹر شمس اقبال نے کہا کہ اس فیسٹول کا سب سے مثبت پہلو نوجوانوں کی بھرپور شرکت ہے ، یہ فیسٹول نہ صرف کتابوں کا میلہ ہے بلکہ علم، تہذیب اور زبان سے جڑنے کا ذریعہ بھی ہے ۔ طلبا، ریسرچ اسکالرز اور عام قارئین جس جذبے سے اردو کتابیں خرید رہے ہیں، وہ خوش آئند ہے ۔