اردو پریس کلب نظام آباد کے وفد کی ضلع کلکٹرسے ملاقات اور تہنیت کی پیشکشی
نظام آباد :8؍ فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حکومت تلنگانہ نے اُردو کو دوسری سرکاری زبان کا موقف دیتے ہوئے 2016 ء میں اعلان کیا جبکہ 2022 ء میں باقاعدہ طور پر جی او کی اجرائی عمل میں لائی گئی ہے لیکن سرکاری محکمہ جات میں اُردو زبان پر عمل آوری پر جانبداری کا مظاہرہ کیا جارہا ہے برائے نام اُردو تحریر کی جارہی ہے اُردو پریس کلب نظام آباد کے وفد نے نئے ضلع کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو سے ان کے چیمبر میں ملاقات کرتے ہوئے اس سلسلہ میں جی او کی کاپی حوالے کی ۔ صدر اُردو پریس کلب محمد خالد خان نے جی او کی کاپی حوالے کرتے ہوئے بتایا کہ باقاعدہ طور پر سرکاری احکامات کی اجرائی کے باوجود اُردو زبان پر عمل آوری نہیں کی جارہی ہے ۔ ضلع کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو نے جی او کا بغور مطالعہ کرتے ہوئے کہا کہ اُردو زبان پر صد فیصد عمل آوری کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں گے ۔ سرپرست اُردو پریس کلب نظام آباد محمد انور خان نے ضلع کلکٹر کو بتایا کہ نظام آباد شہر اور ضلع میں اُردو داں طبقہ کی بڑی تعداد پائی جاتی ہے ۔ یہاں پر مقامی اخبارات کثیر تعداد میں شائع ہوتے ہیں اُردو اخبارات اُردو زبان کے فروغ میں نمایاں رول ادا کررہے ہیں جس پر ضلع کلکٹر نے مسرت کا اظہار کیا ۔ نائب صدر اُردو پریس کلب و چیف ایڈیٹر روزنامہ آج کا تلنگانہ سید قیصر نے اُردو پریس کلب کے تمام عہدیدار و اراکین کا ضلع کلکٹر سے تعارف کرایا اس موقع پر محمد ذاکر جنرل سکریٹری ، محمد کیف ، محمد غوث ، محمد تاج الدین ، کبیر اقبال ، ندیم احمد ، محمد نعیوم موجود تھے ۔