اردو زبان کی ترقی و ترویج میں یونیورسٹیز کا اہم رول

   

تلنگانہ یونیورسٹی میں جشن اردو، صدرنشین اقلیتی کمیشن محمد قمرالدین اور دوسروں کی شرکت
حیدرآباد۔ 20 فروری (سیاست نیوز) صدرنشین اقلیتی کمیشن محمد قمرالدین نے کہا کہ اردو کی ترقی اور ترویج کے ساتھ ساتھ اسے روزگار سے مربوط کرنے کی ضرورت ہے۔ تلنگانہ حکومت اردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ دیتے ہوئے سرکاری سطح پر سرپرستی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیز کی ذمہ داری ہے کہ وہ اردو زبان میں روزگار پر مبنی کورسس کے آغاز کو یقینی بنائیں تاکہ نوجوان نسل اردو سے وابستہ ہو۔ محمد قمرالدین آج تلنگانہ یونیورسٹی ڈچپلی میں جشن اردو 2020ء کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ دو روزہ جشن اردو میں ڈگری اور پوسٹ گریجویٹ طلبہ کے لیے مختلف ادبی مقابلوں کا اہتمام کیا گیا جن میں تقریری، تحریری، ادبی کوئیز، نظم خوانی اور بیت بازی کے مقابلے شامل ہیں۔ محمد قمرالدین نے کہا کہ اقلیتی کمیشن نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی میں اردو میں گریجویٹ کورسس کی بحالی میں اہم رول ادا کیا ہے۔ جہاں کہیں اقلیتوں اور اردو سے ناانصافی کی شکایت ملی کمیشن نے فوری مداخلت کرتے ہوئے انصاف کو یقینی بنایا۔ انہوں نے اردو زبان کے فروغ میں یونیورسٹی کے اساتذہ کو اہم رول ادا کرنے کا مشورہ دیا۔ قمرالدین نے کہا کہ اردو دنیا کی وہ واحد زبان ہے جسے بہتر رابطے کا ذریعہ تسلیم کیا گیا ہے۔ اردو سے ناواقف افراد بھی اردو شاعری سے متاثر ہیں۔ قمرالدین نے نظام آباد کے گری راج ڈگری کالج میں اردو میڈیم گریجویشن کورسس کے خاتمے کی شکایت پر نوین متل آئی اے ایس کمشنر کالیجٹ ایجوکیشن سے ربط قائم کیا اور کورسس کی بحالی کی خواہش کی۔ نوین متل نے کہا کہ طلبہ کی کمی کے سبب یہ فیصلہ کیا گیا تھا۔ تاہم انہوں نے کورسس کو بحال کرنے کا تیقن دیا۔ ڈائرکٹر سی ای ڈی ایم پروفیسر ایس اے شکور اور پروفیسر اشرف رفیع کے علاوہ یونیورسٹی کی رجسٹرار پروفیسر نسیم سلطانہ نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر اردو زبان اور ادب کی خدمت کے سلسلہ میں کئی شخصیتوں کو تہنیت پیش کی گئی جن میں سابق ایگزیکٹیو کونسل ممبر نصیرالدین شامل تھے۔ ادبی مقابلوں کا اہتمام ڈپارٹمنٹ آف اردو کی جانب سے کیا گیا اور صدرشعبہ اردو ڈاکٹر اطہر سلطانہ کوآرڈینیٹر تھیں۔ ڈاکٹر موسیٰ اقبال اسسٹنٹ پروفیسر کنوینر تھے۔ جشن اردو کے انعقاد میں ڈاکٹر عبدالقوی اور ڈاکٹر گل رعنا اور دوسروں نے معاونت کی۔