نظام آباد میں نعتیہ و ادبی مشاعرہ ، مختلف شعراء کا خطاب
نظام آباد : فیضان ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر سوسائٹی کے زیر اہتمام ثناء بینکوٹ ہال قلعہ روڈ پر کل رات ایک نعتیہ و ادبی مشاعرہ منعقد ہوا۔ اس سوسائٹی کی کارکردگی پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر سمیع امان نے بتایا کہ سوسائٹی کا مقصد نوجوانوں میں ادبی ذوق کی آبیاری اور نوجوان و شعراء کی حوصلہ افزائی ہے۔گذشتہ دو سالوں سے سوسائٹی بخوبی یہ کام انجام دے رہی ہے ۔ لاک ڈائون کی وجہ سے یہ سلسلہ موقوف ہوگیا تھا ۔ آج سے پھر یہ سلسلہ شروع کیا جارہا ہے چنانچہ اسی کی ایک کڑی یہ مشاعرہ ہے ۔ اس مشاعرہ کی صدارت شہر کے نامور تاجر ادب نواز خادم ملت مرزا افضل بیگ تیجان نے کی اور شہر کے سینئر جرنلسٹ نعیم قمر ایڈیٹر عوام ٹی وی ، ایم اے ماجد نمائندہ راشٹریہ سہارا، عبدالقیوم این آر آئی ، مولانا اسماعیل عارفی صدر حج کمیٹی مہمان خصوصی رہے ۔ مشاعرہ کی ابتداء سید ثناء اللہ کی قرأت سے ہوئی ۔ شہر نظام آباد کے کہنہ مشق شاعروں کے علاوہ ریاست اترپردیش کے نامور مہمان شاعر غفران احمد راشد بلند شہر اتر پردیش نے شرکت کی ۔ ابتداء میں شہر کے مترنم نعت گو شاعر مولانا عبدالقدیر حسامی ( تمیم نظام آبادی ) امام و خطیب مسجد عبداللہ مرصع نعتیہ پاک پیش کرتے ہوئے ماحول پرُ نور کردیا ۔ اس کے بعد ادارہ ادب اسلامی کے مشہور شاعر ریاض تنہا ء ، شریف اطہر ، تمیم نظام آبادی نے غزل سنا کر سامعین کو مخاطب کرتے ہوئے دل موہ لئے ۔ آخر میں مہمان شاعر غفران راشید غزل سراہ ہوئے انہوں نے بڑی عمدہ شاعری پیش کی۔ آخر میں صدر مشاعرہ مرزا افضل بیگ تیجان نے شکریہ ادا کرتے ہوئے ملت کو ترغیب دی کہ وہ اپنی اُردو زبان کی حفاظت ، آبیاری اور ترقی میں بھر پور حصہ لیں ۔ اس موقع پر ضیاء احمد قائد کانگریس ، عبدالقدیر جمیل این آر آئی ، مصطفی الکاف، مرتضیٰ حسن ٹائون صدر آئی یو ایم ایل ، افتخار نہیال ، شیخ خلیل کے علاوہ باذوق سامعین کی کثیر تعداد موجود تھی ۔