اردو سے نئی نسل کو جوڑنے سیاست کی مساعی

   

Ferty9 Clinic

رومن انگلش میں روزانہ ایک صفحہ کی اشاعت
نئی نسل کے تابناک مستقبل کیلئے ضروری ہے کہ انہیں سماج میں رونما ہونے والی تبدیلیوں سے باخبر رکھا جائے تاکہ ان میں چیلنجس کا سامنا کرنے کا جذبہ پیدا ہو۔ ساتھ ہی ساتھ سماج سدھار کے سلسلہ میں احساس ذمہ داری کو بیدار کیا جائے ۔ روزنامہ سیاست نے صرف خبروں کی ترسیل کا فریضہ انجام نہیں دیا بلکہ ہر موڑ پر سماج بالخصوص ملت اسلامیہ کی رہنمائی کی ۔ سیاست نے نوجوان نسل کی تعلیمی ترقی کا بیڑہ اٹھایا ہے اور انہیں اپنی زبان اور تہذیب سے جوڑنے کیلئے اہم پیشرفت کی ہے۔ نئی نسل کی اردو زبان و تہذیب سے بڑھتی دوری نے سماج اور بالخصوص خاندانوں میں نت نئے مسائل پیدا کئے ہیں۔ نوجوانوں کو سماج اور تہذیب سے ہم آہنگ کرتے ہوئے خاندانوں میں اخلاقیات کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ تازہ ترین تبدیلیوں سے نئی نسل کو واقف کراتے ہوئے انہیں بہتر مستقبل کی رہنمائی کی جاسکتی ہے ۔ روزنامہ سیاست نے نئی جہت کے تحت یوم آزادی کے موقع پر رومن انگلش میں ایک صفحہ شائع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو اخبار کا حصہ رہے گا۔ ہر پیر تا جمعہ رومن انگلش میں مسلم سماج کی دلچسپی سے متعلق بین الاقوامی ، قومی اور مقامی خبروں کو مختصر انداز میں پیش کیا جائے گا۔ رومن انگلش میں ایک صفحہ کی اشاعت کا بنیادی مقصد اردو رسم الخط سے ناواقف نوجوان نسل کو ملک اور سماج کے حالات سے واقف کرانا ہے۔ سوشیل میڈیا کے اس دور میں نوجوان نسل گمراہ کن معلومات کا شکار ہورہی ہے ، لہذا روزنامہ سیاست نے سماج اور قوم کے حقیقی حالات اور مسائل کو نوجوانوں تک پہنچانے کیلئے رومن انگلش میں ایک صفحہ شائع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس کے علاوہ خواتین اور بچوں کے لئے بھی خصوصی کالم شروع کئے جارہے ہیں جس میں روز مرہ کے مسائل اور ان کا حل ، سماج میں خواتین اور بچوں کے مقام اور ان کے حقوق کے تحفظ کی رہنمائی کی جائے گی ۔ صحتمند اور خوشحال زندگی کے لئے معلوماتی مضامین شائع کئے جائیں گے۔ ادارہ سیاست کو امید ہے کہ قارئین بالخصوص نئی نسل اس کوشش کو نہ صرف قبول کریں گے بلکہ اس کی بھرپور سرپرستی کی جائے گی۔ نئی نسل کو اردو سے جوڑنے کی اس تحریک میں روزنامہ سیاست محبان اردو اور قارئین سے تعاون اور تجاویز کا خیرمقدم کرے گا۔ (ادارہ)