اردو صحافت کی دو صدی تقاریب کا 26 اور 27 مارچ کو حیدرآباد میں انعقاد بزم صدر قطر کے ذمہ داروں کی آمد

   

حیدرآباد۔14۔ مارچ (سیاست نیوز) قطر سے تعلق رکھنے والی ادبی تنظیم بزم صدف انٹرنیشنل نے حیدرآباد میں اردو صحافت کی دو صدی تقاریب کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ 26 اور 27 مارچ کو حیدرآباد میں تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا جس میں اردو ادب کی نامور شخصیتوں کو ایوارڈس پیش کئے جائیں گے۔ بزم صدر کے صدرنشین شہاب الدین احمد نے حیدرآباد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وباء کے پیش نظر گزشتہ دو برسوں میں تقاریب کا اہتمام نہیں کیا جاسکا۔ انہوں نے کہا کہ 26 مارچ کو ادبی خدمات کو پروفیسر محمود الاسلام ، اجئے سحاب ، راہی فدائی ، سہیل انجم اور حقانی القاسمی کو مختلف شعبہ جات میں نمایاں خدمات کیلئے ایوارڈس پیش کئے جائیں گے ۔ عثمانیہ یونیورسٹی کالج فار ویمنس میں ایوارڈ تقریب منعقد ہوگی ۔ اس موقع پر صحافت دو صدی کا احتساب کی کتاب رسم اجراء عمل میں آئے گی۔ اس کتاب میں اردو صحافت کی تاریخ پر تقریباً 70 مضامین شامل ہیں۔ 27 مارچ کو اردو صحافت کی دو صدی پر عالمی سمینار منعقد کیا جائے گا جس میں مختلف ممالک اور ہندوستان کے کئی علاقوں سے صحافی ، ادیب اور ریسرچ اسکالرس شرکت کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ کورونا کی صورتحال میں بہتری کے بعد 2021 اور 2022 ء کی ایوارڈ تقاریب قطر میں منعقد کی جائے گی۔ر