حیدرآباد۔28۔ مارچ (سیاست نیوز) اردو صحافت کے 200 سال کی تکمیل کے موقع پر مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے شعبہ ترسیل و صحافت نے خصوصی لوگو منتخب کیا۔ لوگو ڈیزائین کیلئے مقابلہ کا اہتمام کیا گیا تھا اور اس مقابلہ میں منتخب لوگو کو وائس چانسلر پروفیسر عین الحسن نے جاری کیا ۔ اس موقع پر اردو صحافت کے 200 سال پر مختصر فلم اور ماہرین کے پیامات جاری کئے گئے ۔ وائس چانسلر نے جشن صحافت کے انعقاد پر شعبہ ترسیل کو مبارکباد دی اور کہا کہ اردو صحافت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ اردو صحافت سے متعلق مواد کو مختصر فلموں کی شکل میں ترتیب دینے کی ستائش کی۔ لوگو ڈیزائین مقابلہ میں الہ آباد کی محترمہ نازش، ایم اے فارسی ، مقیم کولکتہ کو بہترین لوگو ڈیزائین مقابلہ کا فاتح قرار دیا گیا۔ انہیں 10,000 روپئے انعام حاصل ہوا۔ انعامی مقابلہ میں ملک بھر سے 48 ڈیزائین موصول ہوئے تھے۔ چار اراکین پر مشتمل پیانل نے موصولہ لوگو ڈیزائینس کی جانچ کرتے ہوئے ایک ڈیزائین کو منتخب کیا۔ تقریب رسم اجراء میں پروفیسر اشتیاق احمد رجسٹرار اور دیگر عہدیدار موجود تھے ۔ جشن صحافت کے انعقاد کا مقصد نوجوانوں کو اردو میڈیا کے شاندار ماضی اور مستقبل کے بارے میں آگاہ کرنا ہے۔ لوگو ڈیزائین مقابلہ میں کئی اداروں نے یونیورسٹی سے تعاون کیا۔ ر