اردو میڈیم سے ناانصافی ، لکچررس کے تقررات میں غیر ضروری لاپرواہی

   

تعلیم شدید متاثر ، سالانہ امتحان کی تیاری کافی مشکل ، نظام آباد گری راج کالج کے طلباء و طالبات کی پریس کانفرنس

نظام آباد :گری راج سرکاری اُردو میڈیم ڈگری کالج کے طلباء و طالبات نے اُردو پریس کلب نظام آباد پر پہلی پریس کانفرنس منعقد کی ہے ۔ بی اے میں زیر تعلیم عبدالرقیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولٹیکل سائنس کے مضمون میں لکچرر کا تقرر عمل میں نہ لائے جانے کی وجہ سے ان کی تعلیم شدید طور پر متاثر ہورہی ہے ۔ عبدالرقیب نے کہا کہ گری راج سرکاری اُردو میڈیم ڈگری کالج کی طویل ترین تاریخ ہے لیکن اُردو میڈیم سے جانبداری کا مظاہرہ کیا جارہا ہے ۔ ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ انگریزی اور تلگو میڈیم کے مساوی اُردو میڈیم میں بھی تمام لکچررس کا تقرر عمل میں لایا جاتا لیکن ایک عرصہ سے لکچر ر کے تقرر میں غیر ضروری لاپرواہی کی وجہ سے ہم تمام طلباء کی تعلیم متاثر ہورہی ہے انہوں نے چیف منسٹر چندر شیکھر رائو ، صدر کل ہند مجلس بیرسٹر اسد الدین اویسی ، کمشنر آف کالجیٹ نوین متل ، اراکین اسمبلی بیگالہ گنیش گپتا نظام آباد اور واحد مسلم رکن اسمبلی محمد شکیل عامر، جیون ریڈی آرمور سے پرُ زور مطالبہ کیا کہ گری راج سرکاری ڈگری کالج نظام آباد ، بودھن اور آرمور پر اُردو میڈیم میں لکچررس کی مخلوعہ جائیدادوں پر فی الفور تقررات عمل میں لاتے ہوئے طلباء کے ساتھ انصاف کیا جائے ۔ سیدہ ماریہ ثمین نے کہا کہ پولٹیکل سائنس کے لکچرر کے عدم تقرر کی وجہ سے داخلہ سے آج تک وہ اس مضمون کی تعلیم سے محروم ہے سب ہی ساتھی محروم ہونے کی وجہ سے سالانہ امتحان کی تیاری کو لیکر شدید فکر مند ہیں ۔ ثانیہ پروین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولٹیکل سائنس کے لکچرر کے عدم تقرر کی وجہ سے تعلیم متاثر ہورہی ہے انگریزی اور تلگو میڈیم پر لکچررس کاتقرر کردیا گیا ہے لیکن اُردو میڈیم کے ساتھ نا انصافی کی جارہی ہے انہوں نے بھی فی الفور تقرر کا مطالبہ کیا ۔ پریس کانفرنس میں عبدالمعید صدیق ، رحمت خان ، مجیب فاروقی ، شیخ عرفان علی ، شیخ ندیم ، سمیرہ بیگم ، ثانیہ پروین ، شہناز بیگم کے علاوہ سرپرست محمد یوسف الدین خان ، انور خان ، صدر محمد خالد ، نائب صدر سید قیصر، اکبر بیگ ، محمد امیر الدین خازن ، محمد اویس خان و دیگرصحافی موجود تھے ۔ اُردو پریس کلب نظام آباد پر سماج کے ہر شعبہ حیات سے وابستہ افراد کے مسائل پر پریس کانفرنس منعقد کرتے ہوئے مسائل کو اجاگر کیا جاسکتا ہے عوام الناس سے اُردو پریس کلب نظام آباد پر پریس کانفرنس منعقد کرتے ہوئے استفادہ کی خواہش کی جاتی ہے ۔