اردو میڈیم مدارس اور اساتذہ کے مسائل پر جناب عامر علی خان سے ملاقات

   

نظام آباد۔24 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اردو میڈیم اسکولوں کے مسائل اور غیر منظور شدہ اساتذہ کے عہدوں کے مسئلہ کو لے کر ناصر خان، سہیل پرویز، محمد ثناء الدین اور عارف بیگ پر مشتمل ایک وفد نے تلنگانہ قانون ساز کونسل کے رکن جناب عامر علی خان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفد نے تفصیلی نمائندگی پیش کرتے ہوئے بتایا کہ نظام آباد کے ہائی اسکولوں اور یو پی ایس اردو میڈیم اسکولوں میں کئی عہدے طویل عرصہ سے غیر منظور شدہ ہیں جس کی وجہ سے تعلیمی معیار متاثر ہورہا ہے اور طلبہ کو شدید دشواریوں کا سامنا ہے۔وفد نے وضاحت کی کہ اردو میڈیم اسکولوں کی موجودہ صورتحال روز بروز پیچیدہ بنتی جارہی ہے اور اگر فوری طور پر غیر منظور شدہ عہدوں کی منظوری عمل میں نہ لائی گئی تو یہ صورتحال مزید سنگین ہوسکتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان عہدوں کی منظوری سے نہ صرف اساتذہ کی کمی پوری ہوگی بلکہ تعلیمی معیار کو بھی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ وفد نے جناب عامر علی خان کو بتایا کہ اس مسئلے پر مکمل ڈیٹا پہلے ہی ڈی ای او نظام آباد کو پیش کیا جاچکا ہے جس میں مضمون وار تفصیلات موجود ہیں۔ اسی نمائندگی کی ایک کاپی جناب عامر علی خان کو بھی پیش کی گئی تاکہ وہ اسے حکومت کی سطح پر اجاگر کرسکیں۔رکن قانون ساز کونسل جناب عامر علی خان نے وفد کی نمائندگی کو بغور سنا اور یقین دہانی کرائی کہ وہ اس سلسلے میں شخصی طور پر وزیر اعلیٰ تلنگانہ اور وزیر تعلیم سے بات کریں گے۔