چیف منسٹر ریونت ریڈی کو رکن کونسل جیون ریڈی کا مکتوب، اردو میڈیم اساتذہ سے انصاف کی اپیل
حیدرآباد ۔18۔ اکتوبر (سیاست نیوز) رکن قانون ساز کونسل ٹی جیون ریڈی نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ڈی ایس سی 2024 میں اردو میڈیم اساتذہ کے تقررات کے لئے محفوظ نشستوں کو عام زمرہ میں منتقل کرنے کی اپیل کی ہے۔ جیون ریڈی نے اردو ٹرینڈ ٹیچرس اسوسی ایشن کی جانب سے پیش کردہ یادداشت کا حوالہ دیتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے خواہش کی کہ اردو میڈیم کی تمام مخلوعہ نشستوں پر تقررات کو یقینی بنائیں۔ یادداشت میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 12 برسوں میں تین مرتبہ ڈی ایس سی کا انعقاد عمل میں آیا اور سرکاری اسکولوں میں 2012 ، 2017 اور 2022 میں تقررات کئے گئے۔ تین علحدہ ڈی ایس سی کے باوجود اردو میڈیم اسکولوں کو کوئی فائدہ نہیں ہوا کیونکہ 50 فیصد سے زائد نشستوں پر تقررات نہیں ہوئے۔ ان نشستوں کے محفوظ زمرہ میں الاٹ کئے جانے کے سبب اہل امیدوار دستیاب نہیں رہے۔ اردو میڈیم اسکولوں میں اساتذہ کی کمی کے سبب طلبہ کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے اور والدین اپنے بچوں کو خانگی اسکولوں میں شریک کر رہے ہیں۔ حالیہ ڈی ایس سی 2024 میں 1183 اردو میڈیم جائیدادوں میں 666 کے مخلوعہ رہنے کا امکان ہے کیونکہ محفوظ زمرہ جات کے تحت اہل امیدوار دستیاب نہیں۔ جیون ریڈی نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ محفوظ زمرہ کی مخلوعہ اردو میڈیم جائیدادوں کو عام زمرہ میں تبدیل کرتے ہوئے نیا اعلامیہ جاری کیا جائے تاکہ اردو میڈیم اساتذہ کی تمام جائیدادوں پر تقررات ہوسکیں۔ جیون ریڈی نے کہا کہ 666 جائیدادیں ایس سی ، ایس ٹی اور بی سی کے لئے محفوظ قرار دی گئی ہے اور ان طبقات میں اردو میڈیم اساتذہ کی دستیابی ممکن نہیں۔ جیون ریڈی نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کے علاوہ پرنسپل سکریٹری محکمہ تعلیم بی وینکٹیشم ، ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن ای وی نرسمہا ریڈی اور کمشنر اقلیتی بہبود کو مکتوب کی نقل روانہ کی۔ 1