رسالہ ریختہ نامہ کی سالگرہ ، ادیب و شعراء کو ایوارڈس ، مختلف شخصیتوں کا خطاب
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : سہ ماہی اردو رسالہ ریختہ نامہ کی اشاعت کے دو سال کی تکمیل پر اردو ہال حمایت نگر میں ایک یادگار ادبی محفل منعقد ہوئی جس کا آغاز قاری محی الدین قادری سہیل کی قرات کلام پاک سے ہوا ۔ صدارت جناب عبدالرحیم خاں معتمد انجمن ترقی اردو ، تلنگانہ نے کی ۔ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے جناب محمد قمر الدین چیرمین اقلیتی کمیشن تلنگانہ ، پروفیسر ایس اے شکور ، پروفیسر شوکت حیات ، مولانا مظفر علی صوفی ابوالعلائی ، جناب محمد عثمان شہید اور جناب ایم اے ماجد نے شرکت کی ۔ ابتداء میں ڈاکٹر جاوید کمال کے تحریر و ہدایت کردہ تین مختصر ڈرامے پیش کئے گئے جو حقیقی واقعات پر مبنی تھے ۔ بعد ازاں ریختہ نامہ کے قلم کاروں کو تہنیت پیش کی گئی ۔ ڈاکٹر فاروق شکیل کو سنجیدہ شاعری کے لیے ، وحید پاشاہ قادری مزاحیہ شاعری ، انشائیہ نگاری کے لیے پروفیسر حبیب ضیا ، مضمون نگاری کے لیے پروفیسر مجید بیدار ، سائنسی مضمون کے لیے ڈاکٹر عبدالقدیر خاں ، قطعہ نگاری کے لیے یوسف روش ، افسانہ نگاری میں محترمہ شبینہ فرشوری اور مراسلہ نگاری کے لیے ڈاکٹر نادر المسدوسی کو ایوارڈز سے نوازا گیا ۔ جناب محمد قمر الدین نے کہا کہ ادبی محفل میں ڈرامے پیش کر کے جاوید کمال نے ایک نئے رجحان کی بنیاد ڈالی ہے جس کے لیے وہ مبارکباد کے مستحق ہیں ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ اردو کا رسالہ نکالنا جوئے شیر لانے سے کم نہیں ہے ۔ ڈراموں کے ذریعہ انہوں نے ایک خوبصورت پیام دینے کی کامیاب کوشش کی ہے ۔ مولانا مظفر علی صوفی نے ڈراموں کی پیشکشی کو ایک اچھا اقدام قرار دیا اور فنکاروں کو مبارکباد پیش کی ۔ پروفیسر شوکت حیات اور جناب عثمان شہید ایڈوکیٹ ، جناب ایم اے ماجد نے بھی خطاب کیا ۔ صدر جلسہ جناب عبدالرحیم خاں نے یقین دلایا کہ اردو ہال کو ڈراموں کی پیشکشی کے لیے درکار سہولیات سے آراستہ کرنے کی کوشش کریں گے ۔ اس موقع پر ’ ریختہ نامہ ‘ کے ساتویں شمارہ کی رسم اجراء انجام پائی اور مجموعی خدمات کے لیے جناب محمد قمر الدین اور پروفیسر ایس اے شکور کو تہنیت بھی پیش کی گئی ۔ ابتداء میں کنوینر جلسہ لطیف الدین لطیف نے مہمانوں کا تعارف پیش کیا اور ڈاکٹر جاوید کمال نے خیر مقدم کیا ۔ ڈاکٹر گل رعنا اور ڈاکٹر عطیہ مجیب عارفی نے نظامت کے فرائض انجام دئیے ۔ ڈرامہ میں حصہ لینے والے فنکاروں میں محبوب خاں اصغر ، لطیف الدین لطیف ، محمد نیر اعظم ، نعمت اللہ بیگ ، ڈاکٹر عطیہ مجیب عارفی ، ڈاکٹر معین امر بمبو ، اور ڈاکٹر جاوید کمال نے حصہ لیا ۔ ڈاکٹر ممتاز مہدی کے شکریہ پر محفل کا اختتام عمل میں آیا ۔۔