ہیڈ ماسٹر بشیر اور ٹیچر راملو معطل، آندھرا پردیش میں واقعہ
حیدرآباد ۔ 7 ڈسمبر (سیاست نیوز) آندھراپردیش میں اردو ٹیچر کی مشتبہ موت کا معاملہ طول پکڑتا جارہا ہے۔ اس سلسلہ میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے تحقیقاتی کمیٹی کو تشکیل دیا ہے اور فوری طور پر اثر کے ساتھ اقدامات کرتے ہوئے ہیڈماسٹر بشیر اور اسکول ٹیچر رامولو کو معطل کردیا گیا ہے۔ ہیڈماسٹر بشیر پر حقائق کی پردہ پوشی کا الزام ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز رائے چوٹی ضلع انامیا میں یہ موت کوئی عام موت نہیں تھی۔ اعجاز احمد پر اسکول کے طلبہ کی جانب سے حملہ کرتے ہوئے انہیں ہلاک کرنے کا الزام ہے ۔ حملہ اور جھگڑے کی بات کی ہیڈماسٹر نے پردہ پوشی کی اور ساتھی ٹیچر راملو نے حقائق کو منظرعام پر نہیں لایا اور اپنی لاپرواہی کے سبب مبینہ طور پر واقعہ کو غلط موڑ دینے کا سبب بنا۔ ہیڈماسٹر اور اسکول ٹیچر نے حقائق کی پردہ پوشی کی اور فرائض کی انجام دہی میں لاپرواہی سے کام لیا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق گزشتہ روز اعجاز احمد کلاس میں پڑھا رہے تھے کہ ان کی ڈانٹ ڈپٹ اور شرارت پر تاکید سے طلبہ برہم ہوگئے۔ تقریباً تین تا چار طلبہ جو کم عمر بتائے جارہے ہیں، نے اعجاز احمد پر حملہ کرتے ہوئے انہیں شدید زخمی کردیا، جس کے سبب وہ فوت ہوگئے۔ اعجازاحمد کی موت کو قلب پر حملہ کے سبب پیش آئی موت قرار دیا گیا لیکن اعجازاحمد کی بیوی کے شبہ اور شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا گیا ہے۔ع