اردو کی ترقی و ترویج کیلئے سنجیدہ اقدامات

   

نظام آباد میں تہنیتی تقریب سے طاہر بن حمدان کا خطاب، لائبریری کا معائنہ
نظام آباد:15؍جنوری( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) صدر ریاستی اردو اکیڈیمی و نائب صدر پردیش کانگریس کمیٹی طاہر بن حمدان نے کہا کہ ریاستی کانگریس حکومت اردو زبان کی ترقی و ترویج کیلئے سنجیدہ اقدامات روبہ عمل لارہی ہے۔انہوں نے نئی نسل کو مشورہ دیا کہ وہ دینی و عصری تعلیم کے حصول کے ذریعے آگے بڑھتے ہوئے ملکی قوم اور والدین کا نام روشن کریں۔ علامہ اقبال ویلفیئر ہاسٹلوں و لائبریری قلعہ(رجسٹرڈ) کے زیر اہتمام طاہر بن حمدان اور چیرمین ضلع گراندھالیہ راجہ انتا ریڈی کی تہنیتی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر طاہر بن حمدان نے کہا کہ علامہ اقبال ویلفیئر سوسائٹی و لائبریری کے مسائل حل اور ترقی کی سمت گامزن کرنے حکومتی سطح پر ہرممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے فروغ کیلئے قائم شاعر مشرق علامہ اقبال کے نام سوسائٹی کے بانی مجید عارف نظام آبادی صحافی، قلمکار اور موجودہ کمیٹی کی بے لوث خدمات کی انہوں نے ستائش کی۔ انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنا وقت علم کے سیکھنے میں گزاریں، راتوں میں جاگنے فضول مشاغل سے بچنے کی ضرورت پرزور دیا۔ راجہ ریڈی انتا ریڈی چیرمین ضلع گراندھالیہ سمیتی نے لائبریری کیلئے اخبارات دیگر فرنیچر کی فراہمی کا تیقن دیا۔ ایم ایل مقیت فاروقی صحافی نے ریاستی اُردو اکیڈیمی کی جانب سے اس سال اُردو کے مختلف زمروں صحافت، ادب، تحقیق کیلئے ضلع نظام آباد سے وابستہ چھ افراد کو ایوارڈ سے نوازنے پر طاہر بن حمدان سے اظہار تشکر کیا انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت اُردو کے مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات روبہ عمل لائے گی۔ صفدر حسین، عظیم ملک سکریٹری، صدر انتظامی کمیٹی مسجد اندرون قلعہ جیلانی نے بھی مخاطب کیا۔ ڈاکٹر سمیع امان نے جلسہ کی کاروائی چلائی اور علامہ اقباؔل ویلفیئر سوسائٹی و لائبریری کی ترقی مسائل کی یکسوئی کیلئے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر سوسائٹی محمد عمر(ببلو)،نائب صدور عظیم ملک، شیخ ریاض، ارکان عاملہ محمد امیر،شیخ امروز، شیخ یونس نے مہمانوں کی شالپوشی، گلپوشی کے ذریعے تہنیت پیش کی۔ طاہر بن حمدان، راجہ ریڈی کو لائبریری کے عقبی حصہ میں واقع ہال کا معائنہ کراتے ہوئے یہاں ٹیلرنگ سنٹر یا کوچنگ سنٹر، واٹر پلانٹ کے قیام اور مرمتی کاموں کی انجام دہی کیلئے فنڈز منظور کرنے کی نمائندگی کی گئی۔ طاہر بن حمدان نے ٹیلرنگ سنٹر کے قیام کیلئے صدرنشین ریاستی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن عبداللہ کوتوال سے بات کرنے اور ضلع کلکٹر سے نمایندگی کے ذریعے واٹر پلانٹ کی منظوری کا تیقن دیا۔ پروگرام میں سید نجم الدین، رحیم شاکر، سعید بن حمدان، ڈاکٹر اختر احمد، علاقے کی عوام، نوجوانوں نے شرکت کی۔