اردو کے بغیر عدالتی کارروائی نا مکمل، فلموں کی کامیابی کی ضامن

   

اردو دنیا کی مقبول ترین زبان ،ایڈوکیٹ پردیپ سنگھ راجپوت کا خطاب
ممبئی : مہاراشٹرا کے سولاپور میں خادمانِ اردو فورم کے ” سالانہ عشرہء اردو “کے مذاکرہ “عدالتی کارروائی میں اردو کا رول ” پر اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے سینئرایڈوکیٹ پردیپ سنگھ راجپوت نے کہا کہ ملک میں اردو کے بغیر عدالتی کارروائی نا مکمل ہے جبکہ اردو دنیا کی مقبول ترین زبانوں میں سے ایک ہے ۔اردوکو محبّت کی زبان کہہ سکتے ہیں، یہ قومی یکجہتی کو تقویت بخشنے والی زبان ہے ۔ انھوں نے مزید کہا کہ مختلف علاقوں میں بہت سی مقامی زبانیں بولی جاتی ہیں جن کی حیثیت اور اہمیت سے انکار نہیں کیا جاتاہے ، لیکن پورے ہندوستان کی عدالتوں میں عدالتی کارروائی میں اردو کے ہی مخصوص الفاظ استعمال ہوتے ہیں اور اس کے بغیر عدالتی کارروائی مکمل نہیں ہوتی۔اردو خالص ہندوستانی سیکولر زبان ہے اس کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہیے کیوں کہ دنیا کی ترقی یافتہ زبانوں میں سے یہ ایک ہے ۔ایڈوکیٹ پردیپ سنگھ نے عدالتی کارروائی کاحوالہ دیتے ہوئے کہاکہ عدالتی کارروائی میں اردو کا استعمال موثر طریقے سے ہوتا ہے ۔اردو کی وجہ سے کارروائی میں جان پیدا ہوتی ہے ۔ انہوں نے عدالت میں جتنے بھی اردو کے الفاظ استعمال ہوتے ہیں اس کی الگ سے ایک کتاب شائع کرنے کی خواہش ظاہر کی۔اردو سے اپنی رغبت کاذکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ “مجھے فلمی گیتوں کی وجہ سے اردو سے رغبت ملی ۔میرے ایک اردو دوست نے مجھے اردو سمجھنے اور اس کی گہرائی تک پہنچنے میں مدد کی ہے ۔”ایڈوکیٹ عاصم بانگی ( نائب صدر باراسوسی ایشن ،سولاپور) کی زیرِ صدارت یہ پروگرام بار اسوسی ایشن کے وسیع ہال میں منعقد کیا گیا۔بطورِ مہمانِ خصوصی ایڈوکیٹ پردیپ سنگھ راجپوت، ایڈوکیٹ کرن بھونسلے ،ایڈوکیٹ عبدالرشید جانواڑکر صاحب، ایڈوکیٹ انیتہ رنگشنگارے بھی اجلاس میں موجود تھے ۔فورم کے صدر وقار احمد شیخ نے صدر جلسہ اور مہمانان کا استقبال گلہائے عقیدت پیش کرکے کیا ۔فورم کے صدر وقار احمد شیخ نے پروگرام کے اغراض و مقاصد پیش کرتے ہوئے کہا کہ فورم سال بھر منفرد انداز سے تعمیری پروگرام منعقد کرکے اردو زبان و ادب کی ترقی و ترویج کے لیے کوشاں ہے ۔آج کا یہ پروگرام بھی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے ۔اردو ہندوستان کی آئینی زبانوں میں سے ایک ہے ۔آج بھی اردو کے بے شمار الفاظ فطری اور غیر فطری طور پر عدالتی کارروائی میں استعمال ہوتے ہیں۔اردو عدالتی کارروائی میں اس طرح رچ بس گئی ہے کہ اس کے بغیر عدالتی کارروائی مکمل نہیں ہو سکتی۔اسی مقصد کے تحت یہ سیمینار منعقد کیا گیا ہے ۔