ملٹی پرپز ہیلت اسسٹنٹ کے امتحانات صرف تلگو اور انگریزی میں
حیدرآباد۔/20 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کے میڈیکل اینڈ ہیلت سرویسیس ریکروٹمنٹ بورڈ نے 1931 ملٹی پرپز ہیلت اسسٹنٹ ( خواتین ) کے تقررات کیلئے اعلامیہ جاری کیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق کمشنر ہیلت اینڈ فیملی ویلفیر کے تحت 1666 اور تلنگانہ ویدیا ودھان پریشد کے تحت 265 جائیدادوں پر تقررات ہوں گے۔ ریکروٹمنٹ بورڈ نے نوٹیفکیشن میں بعض ترمیمات جاری ہیں جس کے تحت تقررات کیلئے تحریری امتحان صرف انگلش اور تلگو زبانوں میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ تلنگانہ میں اردو دوسری سرکاری زبان کا درجہ رکھتی ہے اور تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ تقررات کے امتحانات اردو میں بھی منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا لیکن میڈیکل اینڈ ہیلت سرویسیس ریکروٹمنٹ بورڈ نے اردو کو نظرانداز کردیا۔ نوٹیفکیشن میں ترمیم کے ذریعہ 10 نومبر کو ہونے والے امتحانات انگلش اور تلگو میں منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا۔ ملٹی پرپز ہیلت اسسٹنٹ ( خواتین ) کی جائیدادوں پر تقررات کیلئے امیدوار کی عمر 18 تا 49 سال کے درمیان ہونی چاہیئے۔ تحریری امتحان کے علاوہ کمپیوٹر پر مبنی امتحان رہے گا جو 100 نشانات میں سے حاصل ہونے والے نشانات کی بنیاد پر اہلیت کا تعین کرے گا۔ امتحانات میں امیدواروں کو زیادہ سے زیادہ 70 نشانات کے حصول کی شرط رکھی گئی ہے۔ اس کے علاوہ دیگر اہلیت کیلئے علحدہ پوائنٹس دیئے جائیں گے۔ ملٹی پرپز ہیلت اسسٹنٹ کی جائیدادوں کیلئے تقررات کے خواہشمند اقلیتی امیدواروں نے اردو میں بھی امتحان کے انعقاد کا مطالبہ کیا ہے۔ حکومت میں شامل اقلیتی نمائندوں اور مسلم عوامی نمائندوں کو اس جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے۔