ہندوستان کے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کی آج یوم پیدائش ہے، ڈاکٹر منموہن سنگھ آزادی سے پہلے آج کے پاکستان میں پیدا ہوے وہ ایک سکھ خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، اور ڈاکٹر منموہن سنگھ ہندوستان کے پہلے سکھ وزیراعظم ہیں۔ انکی پیدائش 1932ء میں ہوئی۔ وہ نہ صرف عالمی شہرت یافتہ اقتصادی ماہرین میں سے ایک ہیں بلکہ پوری دنیا ہندوستان کو ایک صحیح سمت اور مقام دلانے کے لئے ان کو دنیا ہمیشہ یاد رکھے گی ۔ یہ ان کی قابلیت ہی تھی کہ بغیر کسی سیاسی بیک گراؤنڈ کے انہوں نے دس سال تک بطور وزیر اعظم ملک کی قیادت سنبھالی اور ملک کو پوری دنیا میں ایک اعلی مقام دلوایا۔ پنڈت نہرو کےبعد منوہن سنگھ ابھی تک واحد ایسے وزیر اعظم ہیں جو دس سال تک ہندوستان کے وزیراعظم رہے۔
ڈاکٹر منموہن سنگھ 26 ستمبر کو اپنی یوم پیدائش مناتے ہیں، لیکن یقین کے طور پر کسی کو بھی نہی معلوم ہے کہ ان کی تاریخ پیدائش یہی ہے۔ اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ ان کے کسی بھی گھر والے کو ان کی تاریخ پیدائش یاد نہیں ہے۔ بہت چھوٹی عمر میں ان کے سر سے ان کی والدہ کا سایہ اٹھ گیا تھا، ان کی پرورش ان کی دادی نے کی اور انہوں نے ہی منموہن سنگھ کا اسکول میں داخلہ کرایا تھا۔ انہیں یقینی طور پر منموہن سنگھ کی تاریخ پیدائش یاد نہیں تھی، بس انہوں نے 26 ستمبر لکھوا دی تھی اس لئے ان کے سرٹیفیکیٹ میں لکھی گئی تاریخ پیدائش ہی ان کی اصل تاریخ پیدائش قرار دی گئی۔
ڈاکٹر سنگھ کی زندگی کی ایک اور دلچسپی رکھنے والی بات یہ ہے کہ ان کو ہندی نہیں آتی ہے، وہ اپنی ہندی کی تقاریر اردو میں لکھ کر پڑھتے ہیں، ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ہندی میں تقریر کرنے سے پہلے وہ باقائدہ طور پر مشق کرتے ہیں۔اور پھر لوگوں کے روبرو ہوتے ہیں ۔ ان کا خاندان درمیانی تھا لیکن انہوں نے تعلیم سے کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ جس گاؤں میں وہ رہتے تھے اس میں نہ بجلی تھی نہ اسکول، ان کو پڑھنے کے لئے میلوں پیدل چل کر جانا پڑتا تھا۔ وہ بچپن سے ہی بہت شرمیلے رہے ہیں۔ ایک دفع انہوں نے ایک صحافی کو بتایا تھا کہ کیمبرج میں اپنی پڑھائی کے دوران وہ واحد سکھ تھے اور ان کو ٹھنڈے پانی سے نہانا پڑتا تھا۔ دوران تعلیم ڈاکٹر منموہن سنگھ اپنے لمبے بالوں کی وجہ سے شرمندگی محسوس کرتے تھے اور وہ دوسرے لڑکوں کے سامنے اپنے بال دکھانے سے بچتے تھے، جس کی وجہ سے ان کو تنہا نہانا پڑتا تھا، وہ سب سے آخر میں سارے لڑکوں کے نہانے کے بعد نہاتے تھے اور جب تک گرم پانی ختم ہو چکا ہوتا تھا اس لئے ان کو ٹھنڈے پانی سے ہی نہانا پڑتا تھا۔
نوکر شاہ سے سیاست میں لانے کے لئے وہ سابق وزیر اعظم نرسمہا کا احسان مانتے ہیں، نرسمہا راؤ نے انہیں اپنی کابینہ میں وزیر خزانہ کی ذمہ داری دی تھی، اس کے بعد انہوں نے سیاست میں بھی اپنا لوہا منوایا۔ انہوں نے دس سال تک شاندار مخلوط حکومت چلائی اور ملک میں ایک اچھے وزیر اعظم کے طور پر انہوں نے اپنی چھاپ چھوڑی، ملک کی معیشت کو مضبوطی فراہم کی۔ انہوں نے سال 2008 کے عالمی اقتصادی بحران میں بھی ہندوستانی معیشت پر ذرا بھی اثر ہونے نہیں دیا، اور اپنی صلاحیتوں سے یہاں معاشی بحران روک کر دکھایا۔