صوفی سلطان شطاری کے کلام کے مجموعوں کی رسم رونمائی، ویب سائٹ کا افتتاح، جناب زاہد علی خان اور محمود علی کی تقریر
حیدرآباد۔ 11؍اکتوبر ۔ ( پریس نوٹ ) ۔ بزرگ و صوفی شاعر سلطان شطاری کی ادبی خدمات کو تلنگانہ کے وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی کے علاوہ ادیبوں اور دانشوروں، شاعروں نے خراج تحسین پیش کیا۔میڈیا پلس آڈیٹوریم میں صوفی سلطان شطاری کے کلام کے چار مجموعے اور ان پر ایک خصوصی ساوینئر کے دوسرے ایڈیشن کی رسم اجرائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جناب محمد محمود علی نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ صوفی شطاری نے اپنے کلام کو ڈیجیٹلائزڈ کردیا اوراپنے ویب سائٹ کے ذریعہ جس میں ان کے اردو کلام کو رومن انگلش میں بھی پیش کیا گیا ہے۔ غیر اردو داں افراد میں روشناس کرنے کا ایک قابل تقلید کام کیا ہے۔ انہوں نے اردو کے فروغ کے لئے جدید ٹکنالوجی کے استعمال کی ضرورت پر زور دیا۔ جناب محمد محمود علی نے صوفی سلطان شطاری ڈاٹ کام ویب سائٹ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈائرکٹر سکریٹری اردو اکیڈیمی ڈاکٹر محمدغوث، پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر سی ای ڈی ایم ، پروفیسر مجیدبیدار ،ڈاکٹر سید فاضل حسین پرویز، ڈاکٹر فاروق شکیل، ڈاکٹر م ق سلیم کے علاوہ سلطان شطاری کے فرزند ڈاکٹر عبدالمعز شطاری نے خطاب کیا۔ ڈاکٹر جاوید کمال نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ جس کے بعد صوفی سلطان شطاری کی صدارت میں مشاعرہ منعقد ہوا۔ جس میں منتخب مدعو شعراء صوفی سلطان شطاری، ڈاکٹر راہی، فاروق تشکیل، سردار سلیم، سمیع اللـّٰہ سمیع، محبوب خاں اصغر، سیف نظامی، ڈاکٹر عطیہ مجیب عارفی، تسنیم جوہر، وحید گلشن، ڈاکٹر صادق، ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری، شاخ انور، شکیل حیدر، سراج یعقوبی اور جہانگیر قیاس نے کلام سنایا۔ جناب محبوب خاں اصغر نے مشاعرہ کی نظامت کی۔ قبل ازیں جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست نے اپنے قیام گاہ پر صوفی شطاری کی کتابوں کی رسم اجراء انجام دی اور ان کی ادبی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور ان سے اپنی دیرینہ رفاقت کا ذکر کیا اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔اس موقع پر پروفیسر ایس اے شکور، مجیب قادری شطاری، سید خالد شہباز، ڈاکٹر جاوید کمال اور دیگر افراد موجود تھے ۔