(حیدرآباد)
أئندہ تیس اور اکتیس اکتوبر کو مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں اردو کے معروف شاعر و صحافی پنڈت ہری چند اختر پر دو روزہ قومی سمینار کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ آئیڈیا کمیو نی کیشنز اور مجلس فخر بحرین کے زیر اہتمام معروف مرکزی یونیورسٹی مانو کے اشتراک سے منعقد اس سمینار میں ملک بھر سے مختلف یونیورسٹیوں اور اداروں کے پروفیسرس، اسکالرس اور اردو و ہندی کی معروف ہستیاں اپنے مقالات پیش کریں گی۔ سمینار کی افتتاحی تقریب کی صدارت معروف علمی شخصیت و معالج ڈاکٹر عزیز احمد کریں گے اور کثیر الا شاعت ہندی روزنامہ ہندوستان کے ایگیزیکٹیو ایڈیٹر پرتاپ سوم نوشی مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔ جب کہ اختتامی جلسہ کے مہمان خصوصی معروف دانشور اور کیرالہ کے گورنر عارف محمد خان ہوں گے اور صدارت مانو کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اسلم پرویز کریں گے۔ اس موقعہ سے فروغ اردو، قومی یکجہتی اور خدمت خلق کے میدان میں نمایاں خدمات کے لیے تین اہم شخصیات علی التر تیب زاہد علی خاں (مدیرسیاست)، پروفیسر اے ارونداکشن (سابق پی وی سی، مہاتما گاندھی انتر راشٹریہ ہندی یونیورسٹی) اور کریم عرفان ( بانی ، اقرا سوسائٹی) کا اعزاز و اکرم کیا جایے گا۔ مجلس فخر بحرین کے بانی شکیل احمد صبرحدی استقبالیہ اور مانو میں چیف کنسلٹنٹ انیس اعظمی اظہار تشکر کریں گے۔
یہ اطلاع آئیڈیاکمیونی کیشنز کے ڈائرکٹر آصف اعظمی نے دیتے ہوئے کہا کہ یہ سمینار اردو کے سچے خادموں کا جشن منانے کے علاوہ ان کی حیات و خدمات کو معنون ہندوستان میں سمینار اور بحرین میں مشاعرہ کے انعقاد کے سلسلہ کا ایک حصہ ہے، جس کے تحت فراق، چکبست، آنند نارائن ملا، شہریار،عرفان صدیقی، خلیل الرحمان اعظمی اور مجروح سلطانپوری کا جشن منایا جا چکا ہےاور ضخیم کتابیں شائع کی جا چکی ہیں۔ سمینار کے سرپرست شکیل احمد صبرحدی (بانی، مجلس فخر بحرین) اور کنوینر معروف ادبی شخصیت اور انیس اعظمی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سمینار میں سبھی اردو ہندی کے شائقین اور زبان و ادب کے دلداہ خواتین و حضرات شرکت کر سکتے ہیں۔