اردو یونیورسٹی ریگولر کورسس میں داخلے ۔ آخری تاریخ میں 20؍ جون تک توسیع

   

حیدرآباد، 10؍ جون (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے تعلیمی سال 2020-21 کے لیے مرکزی کیمپس حیدرآباد اور دیگر سٹیلائٹ کیمپسوں لکھنو و سری نگر کے علاوہ مختلف ریاستوں میں موجود کالجس آف ٹیچر ایجوکیشن (سی ٹی ایز) اور پالی ٹیکنیکس کے لیے ریگولر کورسس میں آن لائن داخلے جاری ہیں۔ انٹرنس کی اساس پر داخلے کے کورسز درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ میں 20؍ جون تک توسیع کی گئی ہے جبکہ میرٹ کی بنیاد پر داخلوں کی آخری تاریخ 10؍ اگست ہے۔ پروفیسر ایم وناجا، ڈائرکٹر نظامت داخلہ کے بموجب درخواست گذاروں اور اولیائے طلبہ کی نمائندگی پر یہ توسیع کی گئی ہے۔ انٹرنس ٹسٹ شیڈیول کے مطابق 4 اور 5؍ جولائی کو ہی منعقد ہوں گے۔ اردو میڈیم میں اعلی تعلیم فراہم کرنے والی ملک کی یہ واحد جامعہ ہے۔ یونیورسٹی میں گذشتہ سال ہیڈ کوارٹر میں بیچلر آف ووکیشنل کورسس کے تحت میڈیکل امیجنگ ٹکنالوجی اور میڈیکل لیبارٹری ٹکنالوجی کے دو نئے کورسس متعارف کئے گئے تھے جن میں داخلہ میرٹ کی بنیاد پر دیا جارہا ہے۔ تمام درخواست گزاروں کے لیے لازمی ہے کہ وہ کم از کم دسویں /بارہویں میں اردو میڈیم سے تعلیم حاصل کرچکے ہوں یابحیثیت زبان یا مضمون، اردو کامیاب ہوں یا مصرحہ مدرسوں سے فارغ ہوں جن کا ذریعہ تعلیم اردو ہو۔ تمام پروگراموں کا ذریعہ تعلیم اردو ہے۔ تمام پروگراموں میں داخلے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی حیدرآباد کیمپس میں بھی دستیاب ہیں. درخواستیں یونیورسٹی ویب سائٹ
manuu.edu.in
پر صرف آن لائن ہی قبول کی جائیں گی۔ تفصیلات یا کسی وضاحت کے لیے نظامت داخلہ کو
[email protected]
پر ای میل کریں۔ایس سی /ایس ٹی/اوبی سی/معذور/ ای ڈبلیو ایس امیدواروں کے مختلف پروگراموں میں داخلے کیلئے تحفظات حکومت ہند کے ضوابط کے مطابق رہیں گے۔ یونیورسٹی میں ہاسٹل کی محدود گنجائش فراہم ہے۔