حیدرآباد 30 مئی (سیاست نیوز) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے طلبہ کے لئے ایکسیس فاؤنڈیشن حیدرآباد نے ٹاٹا ویگنار ایمبولینس فراہم کی ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن نے ایمبولینس کی فراہمی پر صدر ایکسیس فاؤنڈیشن محترمہ انیس عائشہ کا شکریہ ادا کیا۔ ایمبولنس کی حوالگی کے سلسلہ میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں فاؤنڈیشن کے نمائندے سید سلمان الدین نے پروفیسر عین الحسن کو چابیاں حوالے کیں۔ وائس چانسلر نے فاؤنڈیشن کی سماجی خدمات کی ستائش کی۔ ایکسیس فاؤنڈیشن حیدرآباد کی ایک غیر سرکاری تنظیم ہے جو صحت، امید اور خوشیوں کے پھیلاؤ کے نعرے کے ساتھ مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہی ہے۔ تقریب میں پروفیسر اشتیاق احمد رجسٹرار، پروفیسر عبدالواحد، پروفیسر فریدہ صدیقی، پروفیسر سلمان احمد خان اور طلبہ یونین کے صدر سید صلاح الدین اور دیگر موجود تھے۔ ر