اردو یونیورسٹی میں عالمی یوم جسمانی قوت مدافعت

   

حیدرآباد۔28۔اپریل (سیاست نیوز) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی اسکول برائے سائنسی علوم کے زیر اہتمام انڈین امیونالوجی سوسائٹی اور آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس نئی دہلی کے اشتراک سے انٹرنیشنل امیونالوجی ڈے (یوم جسمانی قوت مدافعت) کا اہتمام کیا گیا ۔ اس کا مقصد متعدی اورغیر متعدی امراض سے حفاظت کیلئے قوت مدافعت کی اہمیت سے متعلق معلومات فراہم کرنا ہے۔ تقریباً 100 شرکاء نے آن لائین اور آف لائین اس پروگرام میں حصہ لیا ۔ قوت مدافعت کے ماہر پروفیسر شرمشٹا بنرجی یونیورسٹی آف حیدرآباد نے لکچر دیا۔ انہوں نے قوت مدافعت کے مطابق بنیادی تصورات پیش کئے اور مدافعتی نظام کو بہتر بنانے مختلف ذرائع کا ذکر کیا۔ انہوں نے ٹیکہ اندازی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ پروفیسر صدیقی محمد محمود نے صحتمند طرز زندگی کے ذریعہ قوت مدافعت کے حصول کے بارے میں شعور بیداری پر زور دیا۔ پروفیسر پروین جہاں آرگنائزنگ سکریٹری اور پروفیسر سلمان احمد خاں نے بھی مخاطب کیا۔ افتتاحی اجلاس کے بعد حیدرآباد کے مختلف کالجس کے طلبہ کیلئے پوسٹر سازی اور زبانی پیشکش مقابلوں کا اہتمام کیا گیا۔ر