اردو یونیورسٹی میں فاصلاتی شعبہ کے امتحانات دو سال سے زیر التواء

   


طلبہ کا مستقبل بچانے ایس آئی او مانو یونٹ کا مطالبہ
حیدرآباد: اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا مانو یونٹ کے صدر عبدالقوی عادل نے کہا کہ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے شعبہ فاصلات کے امتحانات گزشتہ دو برسوں سے نہیں ہوئے۔ فاصلاتی شعبہ سے ملک و بیرون ملک کے ہزاروں طلبہ وابستہ ہیں لیکن انتظامیہ کو امتحانات کے انعقاد کی کوئی فکر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2020 بیاچ کے سال آخر کے امتحانات منعقد نہیں کئے گئے جس کے نتیجہ میں طلبہ اپنی تعلیم کو مزید آگے جاری رکھنے سے قاصر ہیں۔ امتحانات کے عدم انعقاد کے سبب پوسٹ گریجویشن اور دیگر اعلیٰ تعلیمی کورسیس میں داخلوں سے طلبہ کو محروم کردیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے نئی تعلیمی سال کے ریگولر کورسیس میں داخلوں کا اعلامیہ جاری کیا ہے لیکن امتحانات کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں ہوا جس کے نتیجہ میں طلبہ کا ایک سال ضائع ہوسکتا ہے۔ ایس آئی او کی جانب سے اس مسئلہ پر حکام کو نمائندگی کی جاچکی ہے لیکن انتظامیہ کا رویہ لاپرواہی کا برقرار ہے جس کے نتیجہ میں ہزاروں طلبہ کا مستقبل داؤ پر ہے۔ ایس آئی یو نے مطالبہ کیا کہ فی الفور امتحانات کا اعلان کیاجائے ۔ طلبہ تنظیم نے شعبہ فاصلات کو متحرک کرنے کا مطالبہ کیا ۔