اردو یونیورسٹی میں لیگل اسٹڈیز اور نرسنگ کے دو نئے کورسیس

   

وائس چانسلر پروفیسر عین الحسن کا اعلان، ریسرچ سے طلبہ کو استفادہ کا موقع

حیدرآباد۔/29 اگسٹ، ( سیاست نیوز) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن نے یونیورسٹی میں لیگل اسٹڈیز اور نرسنگ کے دو نئے کورسیس کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد ان کورسیس کو عملی شکل دی جائے گی۔ پروفیسر عین الحسن جنہوں نے گزشتہ ماہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی حیثیت سے جائزہ حاصل کیا یونیورسٹی کے اساتذہ کے ساتھ اجلاس میں نئے کورسیس کے آغاز کے فیصلہ سے واقف کرایا۔ اجلاس میں یونیورسٹی کے دیگر کیمپس سے تعلق رکھنے والے اساتذہ نے آن لائن شرکت کی اور تمام اساتذہ کا تعارف وائس چانسلر سے کرایا گیا۔ وائس چانسلر کو یونیورسٹی کے مختلف پراجکٹس، تحقیق اور دیگر اُمور کی تفصیلات سے واقف کرایا گیا۔ پروفیسر عین الحسن نے کہا کہ میں خود بھی آپ کی طرح ایک استاد ہوں اور استاد سماج کیلئے ایک بیش قیمت اثاثہ ہوتا ہے۔ تدریس، طالب علم اور استاد کے درمیان اٹوٹ رشتہ پیدا کرتی ہے اور یہ ریٹائرمنٹ کے باوجود ختم نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقی کام کو اپنے تک محدود رکھنا مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے اساتذہ کو مشورہ دیا کہ وہ وکی پیڈیا پر اپنے پروفائیل تیار کریں۔ پروفیسر صدیقی محمد محمود رجسٹرار انچارج نے خیرمقدم کیا۔ پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ ڈین اسکول آف آرٹس اینڈ سوشیل سائنسیس نے بتایا کہ کورونا وباء کے دور میں بھی یونیورسٹی میں تمام اہم ذمہ داریاں نبھائی گئیں۔ آن لائن داخلے اور امتحانات منعقد ہوئے۔R