اردو یونیورسٹی کا نام عالمی سطح کی جامعات میں شامل

   

وائس چانسلر پروفیسر عین الحسن کا اظہار مسرت
حیدرآباد ۔ 6 ۔نومبر (سیاست نیوز) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کو عالمی سطح پر معیاری جامعات کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ کواکریلی سائمنڈس (QS) کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں عالمی سطح پر معیاری جامعات کی فہرست میں شامل کی گئی ہے۔ یہ فہرست براعظم ایشیا کے 1500 بہترین تعلیمی اداروں پر مشتمل ہے۔ واضح رہے کہ QS عالمی سطح کا تعلیمی تجزیاتی خدمات فراہم کرنے والا ادارہ ہے جو ہر سال عالمی سطح پر رینکنگ کی فہرست جاری کرتا ہے۔ عالمی سطح کی یونیورسٹیز کی فہرست میں تلنگانہ سے یونیورسٹی آف حیدرآباد ، عثمانیہ یونیورسٹی کے علاوہ انگلش اینڈ فارن لینگویجس یونیورسٹی شامل ہیں۔ عالمی جامعاتی فہرست میں ہندوستان سے جملہ 292 اداروں کو شامل کیا گیا ہے ۔ عالمی سطح کی یونیورسٹیز کی رینکنگ میں اردو یونیورسٹی کی شمولیت پر وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن نے مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اردو یونیورسٹی اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے مسلسل کوشاں ہیں۔ اردو یونیورسٹی قومی تعلیمی پالیسی کے نفاذ میں بھی دیگر جامعات پر سبقت رکھتی ہے۔ حال ہی میں مانو کی اسکالر کے بین موضوعاتی تحقیق کے تحت لکھے گئے دو سائنسی مقالے جو فزکس اور بیالوجی مضامین کا احاطہ کرتے ہیں، انہیں نامور بین الاقوامی جریدہ سائنٹفک رپورٹس میں شائع کیا گیا۔ یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر اشتیاق احمد نے کہا کہ اردو یونیورسٹی ترقی کی جانب مسلسل رواں دواں ہیں۔ یہاں پر قانون ، پیرا میڈیکل کورسس اور آئی ٹی جیسے مضامین کی پروفیشنل تعلیم کا نظم ہے۔ فیشن ڈیزائننگ اور انٹیریئر ڈیزائننگ کے بشمول جملہ 120 کورسس دستیاب ہیں۔ یونیورسٹی کے اساتذہ ، طلبہ اور غیر تدریسی اسٹاف نے بھی یونیورسٹی کو عالمی جامعات کی درجہ بندی میں شمولیت پر مسرت کا اظہار کیا۔1