اردو یونیورسٹی کے ماڈل اسکول میں ’یوم آزاد ‘ تقاریب کا آغاز

   

وائس چانسلر پروفیسر عین الحسن کی شرکت، طلبہ کا رنگا رنگ ثقافتی مظاہرہ
حیدرآباد۔/3 نومبر، ( سیاست نیوز) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے تحت مانو ماڈل اسکول فلک نما میں ’ یوم آزاد ‘ تقاریب کا آغاز ہوا۔ وائس چانسلر پروفیسر عین الحسن نے افتتاحی خطاب میں کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اور اولیائے اللہ نے ہمیشہ عمل کی تلقین کی ہے۔ عملی زندگی کے ساتھ حساسیت کی ضرورت ہے۔ معاملات کو محسوس کرتے ہوئے کاوشیں کرنا اور ان کے بہتر حل نکالنا ہماری ذمہ داری ہے۔ یوم آزاد تقاریب 11 نومبر کو یادگاری خطبہ سے اختتام پذیر ہوں گی۔ پروفیسر خواجہ ناصر الدین ڈائرکٹر وی آر کے ویمنس میڈیکل کالج مہمان خصوصی تھے۔ افتتاحی تقریب میں ماڈل اسکول کے طلبہ نے مختلف ثقافتی پروگرام پیش کئے اور کورونا کے خلاف پیام اور دیگر سماجی اُمور پر یہ مظاہرے تھے۔ تمثیلی مزاحیہ مشاعرہ بھی پیش کیا گیا۔ اس موقع پر دسویں اور بارہویں جماعت کے طلبہ کو عمدہ تعلیمی مظاہرہ پر انعامات اور اسناد سے نوازا گیا۔ پروفیسر عین الحسن نے کہا کہ 1757ء میں انگریزوں نے جب بنگال فتح کیا تو انہوں نے محسوس کیا کہ وہ دہلی بھی فتح کرسکتے ہیں اور انہیں 1857ء میں کامیابی ملی۔ ہندوستان کو آزاد کرانے میں 90 سال لگ گئے۔ انہوں نے ماڈل اسکول کے طلبہ کی کارکردگی کو سراہا۔ تمثیلی مشاعرہ میں وائس چانسلر نے مرزا غالبؔ پر ایک مزاحیہ نظم پیش کی۔ پروفیسر خواجہ ناصر الدین نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی زندگی کو بامعنی اور بامقصد بنائیں۔ پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ پرووائس چانسلر، انچارج رجسٹرار محمد محمود صدیقی اور دوسروں نے مخاطب کیا۔ اس موقع پر ’ رباعیات عمر خیام ‘ کی رسم اجراء انجام دی گئی۔ر