ارساپلی میں دلخراش حادثہ ، 3 ہلاک

   

4 افراد شدید زخمی ، آٹو مکمل تباہ ، ویان الٹ گئی

نظام آباد /27 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ کے نظام آباد شہر کے مضافاتی علاقے ارساپلی بائی پاس روڈ پر ایک بھیانک سڑک حادثہ پیش آیا ۔ جمعرات کی شام ایک اشوک لی لینڈ پک اپ گاری جو مخالف سمت سے آنے والے آٹو کو ٹکرا گئی ۔ جس کے نتیجہ میں آٹو میں سوار تین افراد موقع پر ہلاک ہوگئے ۔ جبکہ چار دیگر زخمی ہوگئے جن میں ایک شخص کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ حادثہ اتنا بھیانک تھا کہ آٹو مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور پک اپ گاڑی الٹ گئی ۔ آٹو ڈرائیور کے پیٹ کے آنتیں باہر نکل گئیں ۔ بتایا گیا ہے کہ آٹو نظام آباد سے رینجال منڈل کے ڈوپلی جارہا تھا ۔ حادثہ میں مرنے والے اور زخمیوں کی فوری شناخت نہیں ہوسکی ۔ نظام آباد 6 ٹاون پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب وہ نظام آباد میں تعمیراتی کام مکمل کرکے گھر لوٹ رہے تھے ۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی تفصیلات ابھی معلوم نہیں ہوسکیں۔ معلوم ہوا ہے کہ حادثہ کا سبب بننے والی گاڑی میں سوار افراد کو شدید چوٹیں آئیں ۔ 6 ٹاون پولیس نے موقع پر پہونچ کر تفتیش شروع کردی ۔