اسلام آباد : صحافی ارشد شریف پر تشدد کے حوالے سے خبر نے صحافی برادری کو تشویش سے دوچار کر دیا ہے۔ انسانی حقوق اور صحافتی تنظیموں نے مطالبہ کیا ہیکہ حکومت فوری طور پر ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم کی رپورٹ منظرعام پرلائے۔بروز چہارشنبہ دنیا نیوز کے اینکر پرسن کامران شاہد نے اپنے ایک پروگرام میں انکشاف کیا تھا کہ ارشد شریف کو قتل کرنے سے پہلے ان پر بدترین تشدد کیا گیا اور ان کی تین انگلیوں کے ناخن نکالے گئے ہیں جبکہ جسم کے دوسرے حصوں پر بھی تشدد کیا گیا۔ اس خبر نے نہ صرف ملک کے صحافیوں میں خوف پیدا کردیا ہے بلکہ کئی حلقوں کا خیال ہیکہ اس سے بیرون ملک رہنے والے پاکستانی صحافی بھی عدم سلامتی کے خوف میں مبتلا ہو جائیں گے۔ پاکستان متعدد بار صحافیوں کیلئے خطرناک ممالک کی صف میں رہا ہے۔