’’ارطغرل غازی‘‘کے خانہ بدوش سردار کی بیوی بھی پاکستان آنے کی خواہاں

   

اسلام آباد۔ 10 جون (سیاست ڈاٹ کام)وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی خواہش پر پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) پر اپریل کے اختتام سے نشر ہونے والے شہرہ آفاق ترک ڈرامے ’’دیریلس ارطغرل‘‘میں خانہ بدوش قبیلے کے سردار کی بیوی کا کردار نبھانے والی اداکارہ بورجو کراتل نے بھی پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔31 سالہ اداکارہ بورجو کراتل نے ڈرامے میں خانہ بندوش قبیلے کے جنگجو سردار کی جنگجو بیوی کا کردار ادا کیا ہے اور وہ ڈرامے کی ابتدائی 60 اقساط میں دکھائی دیں گی۔ترک ڈرامے کو پی ٹی وی پر اُردو ترجمے کے بعد ‘ارطغرل غازی’ کے نام سے نشر کیا جا رہا ہے اور اس ڈرامے نے پاکستان میں مقبولیت کے نئے ریکارڈز بنائے ہیں۔ڈرامے کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے جہاں پاکستانی ڈرامہ ساز خلیل الرحمٰن قمر نے بھی اس جیسا اسلامی فتوحات پر مبنی ڈرامہ بنانے کا اعلان کیا ہے۔ وہیں ‘ارطغرل غازی’ کے پروڈیوسر نے بھی پاکستانی اداکاروں کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا، علاوہ ازیں ڈرامے کی مقبولیت کے بعد ڈرامے کی تقریباً تمام بڑی کاسٹ نے پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔