ممبئی ۔ 10 جون (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی پولیس نے آج ریپبلک ٹی وی کے ایڈیٹر انچیف ارنب گوسوامی سے مبینہ اشتعال انگیز ریمارکس سے متعلق کیس میں تفتیش کی ۔ ارنب دوپہر تقریباً 2 بجے این ایم جوشی مارگ پولیس اسٹیشن پہنچے اور پولیس عہدیداروں نے لگ بھگ دو گھنٹے ان سے پوچھ تاچھ کی۔ پولیس نے پہلے ریپبلک ٹی وی کے چیف فینانشیل آفیسر ایس سندرام سے تفتیش کی ۔ پولیس اسٹیشن کے باہر ارنب نے الزام عائد کیاکہ سیاسی انتقام کا معاملہ ہورہا ہے اور ممبئی پولیس دانستہ ان کی میڈیا ڈیوٹی میں رکاوٹ بن رہی ہے۔ ارنب نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے انہیں پوچھ تاچھ کیلئے دوبارہ طلب کیا جاسکتا ہے۔