ٹی آر پی اسکام میں پارتھو داس گپتا سابق سی ای او ’بارک‘ کا دعویٰ
ممبئی : سابق سی ای او براڈ کاسٹ آڈیئنس ریسرچ کونسل (بارک انڈیا) پارتھو داس گپتا نے ممبئی پولیس کو اپنے ہاتھ سے تحریر کردہ بیان میں بتایا ہے کہ اُنھیں ریپبلک ٹی وی ایڈیٹر ان چیف ارنب گوسوامی سے دو علٰحدہ چھٹیوں کے موقع پر 12,000 امریکی ڈالر اور 40 لاکھ روپئے وصول ہوئے ۔ یہ رقم تین سال کے دوران حاصل ہوئی تاکہ اس کے عوض نیوز چینل کے حق میں ٹی وی ریٹنگس کو اُلٹ پھیر کے ساتھ پیش کیا جائے ۔ ٹی آر پی اسکام کیس میں داخل کردہ ضمنی چارج شیٹ سے یہ بات معلوم ہوئی ہے ۔ ممبئی پولیس نے 11 جنوری کو 3600 صفحات پر مشتمل فردِ جرم میں بارک فارانسک آڈٹ رپورٹ کے علاوہ واٹس ایپ چیاٹس کو بھی شامل کیاہے ۔ یہ چیاٹس مبینہ طورپر داس گپتا اور گوسوامی کے درمیان ہوئے ۔ علاوہ ازیں 59 اشخاص کے بیانات بھی پیش کئے گئے ہیں جن میں کونسل کے سابق ملازمین اور کیبل آپریٹرس شامل ہیں۔ آڈٹ رپورٹ میں کئی نیوز چیانلوں بشمول ریپبلک ، ٹائمس ناؤ اور آج تک کے نام پیش کئے ہیں ۔ رپورٹ میں بارک کے اعلیٰ عہدیداروں کی جانب سے ریٹنگس کی فکسنگ کے بارے میں بتایا گیا ہے ۔