نئی دہلی۔19 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ریپبلک ٹی وی کے ایڈیٹر ان چیف ارنب گوسوامی کو سپریم کورٹ سے منگل کو ایک بار پھر راحت مل گئی۔ عدالت نے ان کے خلاف تادیبی کارروائی پر لگائی روک تین ہفتے کے لئے بڑھا تو دی، لیکن ان کے خلاف درج معاملوں کی تفتیش کی ذمہ داری مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کو سونپنے سے انکار کر دیا۔جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی صدارت والی بنچ نے اپنے حکم میں واضح کیا کہ آرٹیکل 32 کے تحت درخواست مسترد نہیں کی جا سکتی۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے ارنب کے خلاف ناگپور میں درج ایف آئی آر کو ممبئی منتقل کئے جانے کے اپنے عبوری حکم پر آخری مہر لگا دی اور کہا کہ ممبئی پولیس ہی معاملے کی جانچ کرے گی۔