ارنب گوسوامی جیل سے رہا

,

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے ریپبلک ٹی وی کے ایڈیٹر انچیف اور دیگر شریک ملزمین کو عبوری ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت کے فیصلہ کے بعد رات میں تلوجا جیل سے رہا کیا گیا۔ جسٹس چندرچوڑ نے کہا کہ ارنب گوسوامی اور دیگر کو بامبے ہائیکورٹ نے ضمانت نہیں دی۔ ہائیکورٹ کا یہ فیصلہ غلط ہے۔ کسی کی بھی شخصی آزادی کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ ارنب گوسوامی اور دیگر دو ملزمین کو 50 ہزار روپئے کے مچلکے پر عبوری ضمانت پر رہا کیا گیا ہے۔ پولیس کمشنر کو ہدایت دی گئی ہیکہ وہ اس حکم کی تعمیل کرے۔ جسٹس چندرچوڑ نے کہا کہ درخواست گذاروں کو اجازت دی جاتی ہیکہ وہ تحقیقات میں تعاون کرے اور جیل سپرنٹنڈنٹ کے سامنے ذاتی بانڈ پر عمل درآمد کیا جانا چاہئے۔ سپریم کورٹ نے آج عبوری ضمانت درخواست پر سماعت کی۔ اس درخواست کو فوری سماعت کیلئے قبول کرنے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سپریم کورٹ بار اسوسی ایشن کے سربراہ دشنت دوئے نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ سپریم کورٹ رجسٹری کے سکریٹری نے کیس کو سماعت کیلئے قبول کرنے میں جلدی کی ہے۔ انہوں نے سکریٹری جنرل کو مکتوب لکھا ہے اور ان سے کئی سوال اٹھائے ہیں خصوصاً اس پر حیرانی ظاہر کی کہ ملزمین کی طرف سے درخواست داخل کرنے کے فوری بعد دوسرے دن ہی سماعت کیلئے شامل کس طرح کیا گیا۔