انڈیگو کو قانونی نوٹس ، معافی اور 25 لاکھ روپئے معاوضہ کا مطالبہ
نئی دہلی۔ یکم فروری (سیاست ڈاٹ کام) جرنلسٹ ارنب گوسوامی کو ایک طیارہ میں سوالات کا نشانہ بنائے جانے پر انڈیگو ایرلائینز کی طرف سے چھ ماہ کیلئے امتناع کا سامنا کرنے والا کامیڈین کنال کامرا نے اس ایرلائینز ادارہ کو قانونی نوٹس جاری کی ہے جس میں ادارہ سے غیرمشروط معذرت خواہی، امتناع کی برخاستگی اور 25 لاکھ روپئے معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ کامرا کے وکیل نے ایرلائینز ادارہ کے نام جمعہ کو نوٹس روانہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے موکل کو 25 لاکھ روپئے معاوضہ ادا کیا جائے کیونکہ ایرلائینز کے رویہ سے نہ صرف انہیں سخت ذہنی و نفسیاتی تکلیف پہنچی ہے بلکہ مکمل طور پر غیرقانونی، جانبدارانہ اور زیادتی کا رویہ اختیار کئے جانے کے سبب ہندوستان اور بیرونی ملک میں ان کے مقررہ پروگرام منسوخ کرنا پڑا جس سے انہیں بھاری نقصان پہنچا ہے۔ انڈیگو نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اس ضمن میں نوٹس موصول ہوئی ہے جس کا مناسب جواب دیا جائے گا۔