حیدرآباد ۔ 22اپریل ( سیاست نیوز) ری پبلک ٹی وی کے منیجنگ ڈائرکٹر و ایڈیٹران چیف ارنب گوسوامی کے خلاف کانگریس کے یوتھ لیڈر انیل کمار یادو نے پولیس اسٹیشن حسینی علم میں ایک شکایت درج کروائی ۔ انہوں نے کہا کہ 21اپریل کو ارنب گوسوامی نے ری پبلک ٹی وی ’’پوچھتا بھارت ‘‘ عنوان سے ایک پروگرام کا انعقاد کیا جس میں مہاراشٹرا کے پال گھر ضلع میں عوامی تشدد کے دوران دو سادھوؤں اور ایک ڈرائیور کے قتل معاملہ کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کی ۔ انہوں نے شکایت میں یہ کہا کہ اس پروگرام کے ذریعہ ارنب گوسوامی نے یو پی اے چیرپرسن شریمتی سونیا گاندھی کو نشانہ بنایا اور فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کی ۔ شکایت میں یہ بھی بتایا گیا کہ ارنب گوسوامی نے پوچھتا بھارت پروگرام میں مباحث کے دوران یہ کہا کہ اگر کوئی مولوی یا پادری کا قتل ہوتا تو کیا اٹلی کے سونیا گاندھی خاموش تماشائی رہتیں ؟ ۔
انیل کمار یادو نے اپنی درخواست میں کہا کہ کووڈ ۔19 صورتحال کے باوجود بھی ارنب گوسوامی نے دونوں فرقوں کے درمیان مذہب کی بنیاد پر منافرت پیدا کرنے کی کوشش کی اور اپنے پروگرام کے ذریعہ مخصوص فرقوں کیلئے زہرافشانی کی ۔ کانگریس کے یوتھ لیڈر نے آج حسینی علم پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر رمیش کوتوال کو تحریری شکایت حوالے کرتے ہوئے تعزیرات ہند کے تحت ارنب گوسوامی کے تحت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔