اروناچل میں تودے کھسکنے پر 7 اموات، بارش جاری

,

   

ایٹا نگر : ارونا چل پردیش میں جمعہ کو زمینی تودے کھسکنے کے واقعات میں 7 افراد فوت ہوگئے اور ایک دیگر لاپتہ ہے ۔ جبکہ گزشتہ 5 یوم سے مسلسل بارش نے ریاست میں عام زندگی درہم برہم کررکھی ہے ۔ ضلع پاپم پارے میں ایک خاندان کے 4 ارکان تودے کے نیچے زندہ دفن ہوگئے ۔ ان میں 8 ماہ کا شیر خوار شامل ہے ۔ یہ واقعہ رات دیر گئے پیش آیا ۔ پولیس اور این ڈی آر ایف عملہ نے مقامی افراد کی مدد سے ملبہ سے نعشیں برآمد کئے ہیں ۔ اس گھر کے دو افراد سلامت ہیں ۔ ایک دیگر واقعہ میں ایک فیملی کے 3 ارکان فوت ہوئے اور ایک لاپتہ ہے ۔ ایس پی نے کہا کہ بڑا تودا کھسکنے کے نتیجہ میں ان کا گھر پوری طرح تباہ ہوگیا ۔ چیف منسٹر پیماکھانڈو نے ان اموات پر تاسف کا اظہار کرتے ہوئے متوفیوں کے لواحقین کو فی کس 4 لاکھ روپئے ایکس گریشیا اور تمام ممکنہ راحت فراہم کرنے کا حکم دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند دنوں ریاست بھر میں مزید بارش ہوگی ۔

آسام میں سیلاب سے 3.4 لاکھ افراد متاثر
گوہاٹی : آسام میں سیلاب کی صورتحال میں کوئی بہتری نہیں آئی ہے اور مزید دو اضلاع کے وسیع علاقہ زیرآب آگئے جس سے مزید 1.7 لاکھ افراد متاثر ہوگئے ۔ آسام اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی نے ایک رپورٹ میں کہا کہ اب تک سیلاب کے باعث 14 اضلاع میں 32 ریونیو سرکلس کے 3,41,837 افراد متاثر ہوئے ہیں ۔ سیلاب کے ساتھ زمینی تودے کھسکنے سے بھی پریشانی بڑھ رہی ہے ۔