ای ڈی کے سمن کیس میں چیف منسٹر دہلی کو راحت
نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال ہفتہ کی صبح بالآخر دہلی کی راؤز ایوینیو کورٹ میں پیش ہوئے جہاں انہیں ای ڈی کے سمن کو نہ ماننے کے معاملے میں ضمانت مل گئی۔ اس دوران عدالت کے اندر اور باہر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ دراصل عدالت نے دہلی ایکسائز پالیسی کیس سے متعلق مبینہ منی لانڈرنگ معاملے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی شکایت پر وزیراعلی کیجریوال کو جاری سمن پر روک لگانے سے انکار کر دیا تھا۔ایڈیشنل سیشن جج راکیش سیال نے وزیراعلی کیجریوال کو ہدایت دی تھی کہ وہ اس کیس میں ذاتی حاضری سے استثنیٰ کے لئے میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ سے رجوع کریں۔ کیجریوال نے ایڈیشنل چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ دویا ملہوترا کے اس حکم کے خلاف سیشن کورٹ کا رخ کیا تھا جس میں انہیں 16 مارچ کو مجسٹریٹ عدالت میں حاضر ہونے کو کہا گیا تھا۔انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے مجسٹریٹ کورٹ کے سامنے دو شکایات درج کی ہیں جس میں کجریوال کو اس معاملے میں جاری کیے گئے متعدد سمن کو نظر انداز کرنے پر مقدمہ چلانے کی درخواست کی گئی ہے۔ عدالت نے آج کجریوال کو 15 ہزار روپے کے ذاتی مچلکہ پر ضمانت دی۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ کو یہ ضمانت آئی پی سی کی دفعہ 174 کی خلاف ورزی پر دی گئی ہے۔اروند کیجریوال کی طرف سے دو وکیل رمیش گپتا اور راجیو موہن پیش ہوئے تھے۔ خیال رہے کہ ای ڈی اب تک کیجریوال کو 8 سمن جاری کر چکی ہے۔ دہلی کی راؤس ایونیو کورٹ نے اروند کجریوال کو سمن جاری کیا اور انہیں 16 مارچ کو پیش ہونے کی ہدایت دی تھی۔
ای ڈی نے منی لانڈرنگ کی تحقیقات میں سمن کی پیروی نہ کرنے پر اروند کجریوال کے خلاف مقدمہ چلانے کی درخواست کرتے ہوئے عدالت میں نئی شکایت درج کرائی تھی۔