اروند کجریوال کی 16 فبروری کو حلف برداری

,

   

ارکان اسمبلی کے اجلاس میں قائد مقننہ منتخب ، لیفٹننٹ گورنر سے ملاقات

نئی دہلی ۔ 12 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال 16 فبروری کو دہلی کے رام لیلا میدان میں تیسری مرتبہ دہلی کے چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیں گے۔ رام لیلا میدان کو اس اعتبار سے بھی اہمیت حاصل ہوگئی ہیکہ کجریوال نے کرپشن کے خلاف احتجاج میں انا ہزارے کے ساتھ اسی گراونڈ پر حصہ لیا تھا۔ اس سے قبل دو مرتبہ وہ اسی مقام پر چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لے چکے ہیں۔ پارٹی کے سینئر قائد منیش سیسوڈیا نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ اروند کجریوال کے ساتھ تمام کابینی وزراء بھی حلف لیں گے۔ عام آدمی پارٹی نے دہلی کے حالیہ اسمبلی انتخابات میں 70 کے منجملہ 62 حلقوں میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ منیش سیسوڈیا نے اس کامیابی کیلئے دہلی کے ووٹرس کی بھرپور ستائش کی اور انہیں دل سے مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے عوام نے کام کرنے والی سیاست کا احترام کیا ہے۔ انہوں نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی انتخابی مہم صرف شاہین باغ کے اطراف رہی جہاں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جارہا ہے۔ عوام نے بی جے پی کی نفرت کی سیاست کو مسترد کردیا۔ منیش سیسوڈیا نے کہا کہ اروند کجریوال کا کام ترقی کا ماڈل ہے۔ کجریوال نے یہ ثابت کردیا کہ قوم پرستی کا مطلب بچوں کیلئے اچھی تعلیم کی فراہمی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنا ہے۔ آج صبح کجریوال نے اپنے مکان پر نومنتخب ارکان اسمبلی کا اجلاس طلب کیا جس میں تمام ارکان اسمبلی نے کجریوال کو مقننہ پارٹی کا قائد منتخب کیا۔ قبل ازیں کجریوال نے لیفٹننٹ گورنر انیل بائجیل سے بیھ ملاقات کی جو 15 منٹ تک جاری رہی۔ دہلی میں حکومت سازی کیلئے دعویٰ پیش کرنا باقی ہے۔