ارکان اسمبلی میں بڑھتی ناراضگی پر قابو پانے کانگریس ہائی کمان متحرک

   

ریونت ریڈی اور دیپا داس منشی کی آج ارکان اسمبلی سے ملاقات، متحدہ اضلاع کے ارکان سے مجالس مقامی کے چناؤ پر مشاورت کا امکان

حیدرآباد۔/5فروری، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی ارکان اسمبلی میں بڑھتی ناراضگی اور حلقہ جات کے مسائل کی یکسوئی میں وزراء کی مبینہ رکاوٹوں کے مسئلہ پر جاری تنازعہ کی یکسوئی کیلئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے توجہ مرکوز کی ہے۔ گذشتہ دنوں 12 ارکان اسمبلی نے خفیہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے بعض وزراء کے رویہ پر ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔ ان کی شکایت ہے کہ اسمبلی حلقہ جات میں ترقیاتی کاموں کی منظوری اور کنٹراکٹرس کے بلز کی اجرائی کے سلسلہ میں وزراء نظرانداز کررہے ہیں۔ ارکان اسمبلی کے خفیہ اجلاس اور اظہار ناراضگی کا ہائی کمان نے سختی سے نوٹ لیتے ہوئے انچارج جنرل سکریٹری دیپا داس منشی کو ناراض ارکان سے ملاقات کی ہدایت دی۔ دیپا داس منشی نے اس مسئلہ پر چیف منسٹر ریونت ریڈی اور صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ سے مشاورت کی اور ارکان اسمبلی سے ملاقات کا فیصلہ کیا گیا۔ خفیہ اجلاس میں شرکت کرنے والے ارکان اسمبلی کا عادل آباد، نظام آباد، کھمم ، میدک اور ورنگل سے تعلق بتایا جاتا ہے۔ دیپا داس منشی سے مشاورت کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کل 6 فروری کو ارکان اسمبلی سے ملاقات کا شیڈول بنایا ہے۔ ڈاکٹر ایم چنا ریڈی انسٹی ٹیوٹ آف ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ میں دوپہر 3 بجے سے ارکان اسمبلی سے ملاقات کا آغاز ہوگا۔ شیڈول کے مطابق تین تا چار بجے عادل آباد، نظام آباد اور کھمم متحدہ اضلاع کے ارکان اسمبلی سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل کی سماعت کی جائے گی۔ سہ پہر 4:15 بجے تا 5:15 بجے متحدہ اضلاع کریم نگر اور ورنگل کے ارکان اسمبلی سے ملاقات ہوگی۔ شام 5:30 تا 6:30 بجے نلگنڈہ، حیدرآباد اور میدک کے ارکان اسمبلی سے چیف منسٹر ملاقات کریں گے۔ 6:45 بجے تا 7:45 بجے شام رنگاریڈی اور محبوب نگر اضلاع کے ارکان اسمبلی سے ملاقات کی جائے گی۔ دیپا داس منشی، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ اور ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا اس موقع پر موجود رہیں گے۔ ملاقات میں بی سی طبقات کی تعلیمی ، سماجی اور معاشی صورتحال پر مبنی سروے کے علاوہ ایس سی زمرہ بندی کے بارے میں جسٹس شمیم اختر کمیشن کی رپورٹ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ارکان اسمبلی کو حکومت کے دونوں اہم فیصلوں کے بارے میں عوام میں تشہیر کی ہدایت دی جائے گی۔ ارکان اسمبلی سے ملاقات میں مجالس مقامی کے انتخابات اہم موضوع رہے گا۔ حکومت جاریہ ماہ پنچایت راج اداروں کے انتخابات کا منصوبہ رکھتی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی مجالس مقامی کے انتخابات میں کانگریس پارٹی کے بہتر مظاہرہ کی تیاری کررہے ہیں کیونکہ حکومت کے ایک سال کی تکمیل پر مجالس مقامی کے انتخابات کارکردگی پر عوامی ریفرنڈم کی طرح رہیں گے۔ چیف منسٹر کے قریبی ذرائع کے مطابق وزراء کو بھی پابند کیا گیا ہے کہ وہ ارکان اسمبلی سے بہتر تال میل رکھیں اور ترقیاتی کاموں اور فلاحی اسکیمات پر عمل آوری میں ارکان اسمبلی کو شامل رکھیں۔ ایک سال کی تکمیل کے فوری بعد ارکان اسمبلی میں ناراض سرگرمیاں ہائی کمان کیلئے تشویش کا باعث بن چکی ہیں۔1