چاول، سبزی اور دیگر اشیاء کی تقسیم کی تجویز، جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ کنتیا کا مکتوب
حیدرآباد۔ 13 اپریل (سیاست نیوز) جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ ڈاکٹر رام چندر کنتیا نے ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی، سابق وزراء اور سینئر قائدین سے اپیل کی کہ وہ کورونا لاک ڈائون سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے آگے آئیں۔ غریبوں میں چاول، گیہوں، سبزی، ماسک، سینیٹائزر اور دیگر ضروری اشیاء اپنے اپنے علاقوں میں تقسیم کریں۔ انہوں نے اس سلسلہ میں اپیل جاری کرتے ہوئے تلنگانہ کے تمام کانگریس کیڈر کو غریبوں کی مدد کے لیے سرگرم ہوجانے کی اپیل کی۔ سابق صدر کانگریس راہول گاندھی نے فروری میں کورونا کی وراننگ دی تھی۔ اگر اسی وقت حکومت احتیاطی تدابیر اختیار کرتی تو صورتحال مختلف ہوتی۔ راہول گاندھی نے غریبوں اور غیر مقامی لیبرس کی مدد کے لیے کانگریس کیڈر کو آگے آنے کا مشورہ دیا ہے۔ لہٰذا تلنگانہ میں بھی تمام قائدین کو متحرک ہوجانا چاہئے۔ آر سی کنتیا نے کہا کہ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے ورکنگ کمیٹی اور علاقائی صدور کے اجلاس میں کورونا وائرس کے سلسلہ میں حکومت کو احتیاطی تدابیر کا مشورہ دیا تھا۔ سونیا گاندھی نے ڈاکٹرس، نرسس، پیرا ملٹری اسٹاف اور صحت و صفائی عملے کے علاوہ پولیس ڈپارٹمنٹ کی ستائش کی ۔ اب جبکہ تلنگانہ میں لاک ڈائون 30 اپریل تک بڑھ چکا ہے لہٰذا حکومت کو ہر چھوٹے اور متوسط کسان کنسٹرکشن ورکرس اور غیر منظم شعبہ کے ملازمین کے جن دھن اکائونٹ میں 7500 روپئے جمع کرنے چاہئے۔ تمام ضلع کانگریس کمیٹیوں، یوتھ کانگریس، این ایس یو آئی، مہیلا کانگریس، سیوا دل، آئی این ٹی یو سی اور دیگر محاذی تنظیموں کو متحرک ہونے کی اپیل کی گئی۔
