ارکان اسمبلی و کونسل کیلئے دو روزہ اورینٹیشن پروگرام کا اختتام

   

عنقریب کمیٹیوں کی تشکیل ، ارکان کیلئے اسٹڈی ٹور، صدرنشین کونسل اور اسپیکر اسمبلی کا خطاب
حیدرآباد ۔12۔ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کے ارکان اسمبلی اور کونسل کے لئے منعقدہ دو روزہ اورینٹیشن پروگرام کا آج شام اختتام عمل میں آیا۔ ڈاکٹر ایم چنا ریڈی انسٹی ٹیوٹ آف ہیومن ریسرچ ڈیولپمنٹ میں اسمبلی کی کارروائی اور دیگر امور کے بارے میں عوامی نمائندوں کو آگاہ کرنے کے مقصد سے یہ پروگرام منعقد کیا گیا تاکہ دونوں ایوانوں میں بہتر مباحث کو یقینی بنایا جائے۔ اختتامی اجلاس میں صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی ، اسپیکر قانون ساز اسمبلی جی پرساد کمار ، ڈپٹی چیرمین کونسل بنڈا پرکاش مدیراج ، وزیر امور مقننہ ڈی سریدھر بابو، وزیر مال پی سرینواس ریڈی ، وزیر اکسائز جوپلی کرشنا راؤ ، وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر، حکومت کے مشیر نریندر ریڈی، کونسل میں چیف وہپ پی مہیندر ریڈی اور سکریٹری لیجسلیچر نرسمہا چاریلو نے شرکت کی۔ فینانس کے اسپیشل چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ اور انسٹی ٹیوٹ کے اسپیشل چیف سکریٹری شیشانگ گوئل کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔ اورینٹیشن پروگرام میں کونسل کے 17 اور اسمبلی کے 61 ارکان نے شرکت کی۔ صدرنشین کونسل جی سکھیندر ریڈی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اورینٹیشن پروگرام کا حکومت نے آغاز کرتے ہوئے بہتر مثبت روایت کا آغاز کیا ہے۔ سابق میں ارکان اسمبلی اور کونسل کیلئے اس طرح کا کوئی اورینٹیشن پروگرام نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی اس طرح کے پروگرام منعقد کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے تعاون سے عنقریب اسمبلی اور کونسل کی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ ارکان کے لئے اسٹڈی ٹور کا اہتمام کیا جائے گا۔ اسپیکر اسمبلی پرساد کمار نے اورینٹیشن پروگرام میں شرکت پر ارکان سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد سے پہلی مرتبہ اس طرح کا پروگرام منعقد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دو روزہ پروگرام کے ذریعہ ارکان کو ان کے حقوق اور ذمہ داریوں سے واقف کرایا گیا ہے۔ اورینٹیشن پروگرام سے دونوں ایوانوں کی کارروائیوں کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ اسپیکر نے پی آر ایس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ماہرین سے اظہار تشکر کیا۔ اسپیکر نے ڈاکٹر چنا ریڈی انسٹی ٹیوٹ آف ہیومن ریسرچ ڈیولپمنٹ کے عہدیداروں سے بھی اظہار تشکر کیا۔ سکریٹری لیجسلیچر ڈاکٹر نرسمہا چاریلو کی مساعی کو اسپیکر نے سراہا اور کہا کہ ارکان اسمبلی کے لئے اسپورٹس کے مقابلہ اور اسٹڈی ٹور کا اہتمام کیا جائے گا۔1