ارکان اسمبلی کوٹہ سے منتخب اراکین کونسل کی حلف برداری

   

کانگریس کے قائدین بشمول جناب عامر علی خان و دیگر کی شرکت
حیدرآباد۔31جنوری(سیاست نیوز) ارکان اسمبلی کے کوٹہ میں منتخب ہونے والے اراکین قانون ساز کونسل کو صدرنشین تلنگانہ قانون ساز کونسل مسٹر جی سکھیندر ریڈی نے آج حلف دلوایا۔ ارکان اسمبلی کے کوٹہ میں منتخب ہونے والے اراکین قانون ساز کونسل مسٹر مہیش کمار گوڑ ‘ مسٹر بالمور وینکٹ کی حلف برداری تقریب منعقد ہوئی اور اس تقریب میں ریاستی وزیر امور مقننہ مسٹر ڈی سریدھر بابو کے علاوہ کانگریس کے سینئیر قائدین و کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ تلنگانہ قانون ساز کونسل کے احاطہ میں منعقدہ اس حلف برداری تقریب میں ارکان قانون ساز کونسل جناب عامر علی خان‘ پروفیسر کودنڈا رام‘ کے علاوہ انچارج تلنگانہ امور کانگریس پارٹی مسز دیپا داس منشی ‘ جناب منصور علی خان‘ مسٹر وی ہنمنت راؤ‘ مسٹر نوین یادو‘ کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ صدرنشین تلنگانہ قانون ساز کونسل نے ارکان اسمبلی کے کوٹہ میں بلا مقابلہ منتخب ہونے والے دو اراکین قانون ساز کونسل کی حلف برداری کے لئے احاطہ کونسل میں خصوصی انتظامات کئے تھے ۔ مسٹر مہیش کمار گوڑ کے علاوہ مسٹر بالمور وینکٹ اپنے حامیوں کی کثیر تعداد کے ساتھ کونسل میں حلف لینے کے لئے پہنچے جہاں دونوں نومنتخبہ اراکین قانون ساز کونسل کا سیکریٹری امور مقننہ مسٹر نرسمہاچاریلو نے ان کا خیر مقدم کیا۔ حلف برداری تقریب کے بعد دونوں ارکان اسمبلی نے کانگریس پارٹی اور اعلیٰ کمان کے علاوہ ریاستی حکومت و قائدین بالخصوص چیف منسٹر اے ریونت ریڈی سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اراکین قانون ساز کونسل کی حیثیت سے انہیں خدمت کا موقع فراہم کئے جانے پر وہ پارٹی کے مشکور ہیں۔ جناب عامر علی خان نے دونوں اراکین قانون ساز کونسل کو حلف برداری کے بعد مبارکباد پیش کی ۔3